جمعرات، 23-اپریل،2026
جمعرات 1447/11/06هـ (23-04-2026م)

بینک آف خیبر کو خسارے کے بعد مکمل اسلامی بینک میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

23 اپریل, 2026 13:16

پشاور میں بینک آف خیبر کی 38 برانچز کے خسارے میں ہیں، جس پر وزیر خزانہ نے وضاحت دیتے ہوئے بینک کو مکمل طور پر اسلامی بینکاری میں تبدیل کرنے کا منصوبہ پیش کر دیا ہے۔

خیبر پختونخوا کے سرکاری بینک بینک آف خیبر کے خسارے کا معاملہ صوبائی اسمبلی کے ایوان تک پہنچ گیا ہے، جہاں انکشاف ہوا ہے کہ بینک کی متعدد شاخیں مسلسل مالی نقصان کا شکار ہیں۔

موصولہ دستاویزات کے مطابق صوبے بھر میں بینک آف خیبر کی 246 برانچز کام کر رہی ہیں، جن میں سے 38 برانچز ایسی ہیں جو 2025 تک خسارے میں چل رہی ہیں۔

یہ معاملہ اس وقت شدت اختیار کر گیا، جب صوبائی اسمبلی کے ایک رکن نے اجلاس کے دوران وزیر خزانہ سے بینک کی کارکردگی اور نقصانات کی تفصیلات طلب کیں۔

صوبائی وزیر خزانہ نے ایوان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بینک آف خیبر اس وقت روایتی اور اسلامی دونوں طرز کی بینکاری خدمات فراہم کر رہا ہے۔

بینک کی کل 246 برانچز میں سے 190 برانچز اسلامی بینکاری کے اصولوں پر کام کر رہی ہیں، جبکہ چھپن برانچز روایتی بینکاری فراہم کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : اے این پی کا خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسٹیڈیم میں ہونے والے اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان

وزیر خزانہ نے اعتراف کیا کہ ان شاخوں میں سے 38 برانچز کو اس وقت نقصان ہو رہا ہے، جس کی وجوہات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بینک کی انتظامیہ ان نقصانات کو کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور برانچز کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔

اجلاس کے دوران وزیر خزانہ نے ایک اہم پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے منظور شدہ منصوبے کے مطابق بینک آف خیبر کو بہت جلد مکمل طور پر ایک اسلامی بینک میں تبدیل کر دیا جائے گا۔

اس منصوبے کے تحت تمام روایتی برانچز کو اسلامی بینکاری کے سانچے میں ڈھال دیا جائے گا، جس سے نہ صرف بینک کی کارکردگی بہتر ہونے کی توقع ہے بلکہ عوامی مطالبے کے مطابق شرعی اصولوں پر مبنی بینکاری کا فروغ بھی ممکن ہو سکے گا۔

اپوزیشن اراکین نے مطالبہ کیا ہے کہ بینک کے خسارے کی وجوہات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے تاکہ عوامی پیسے کا ضیاع روکا جا سکے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔