منگل، 19-مئی،2026
منگل 1447/12/02هـ (19-05-2026م)

خیبر پختونخوا حکومت کا سرکاری ملازمین کو عید سے قبل تنخواہیں دینے کا اعلان

19 مئی, 2026 09:19

خیبر پختونخوا حکومت نے عیدالاضحیٰ سے قبل سرکاری ملازمین کو بڑا ریلیف دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

صوبائی وزیر خزانہ مزمل اسلم کے مطابق سرکاری ملازمین کی مئی 2026 کی تنخواہیں 20 مئی کو جاری کر دی جائیں گی تاکہ ملازمین عید کی تیاری اور خریداری بروقت کر سکیں۔

مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ حکومت ملازمین کو عید سے پہلے تنخواہیں فراہم کر کے ان کی مشکلات کم کرنا چاہتی ہے۔ محکمہ خزانہ نے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں تاکہ ملازمین کو مقررہ تاریخ پر تنخواہیں بغیر کسی تاخیر کے مل سکیں۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے بھی عید سے قبل کاروباری سرگرمیوں میں آسانی پیدا کرنے کے لیے اہم فیصلہ کیا ہے۔ اسلام آباد میں مارکیٹوں، بازاروں اور شاپنگ مالز کو کاروباری اوقات کار کی پابندی سے عارضی استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں تمام مارکیٹیں، دکانیں اور شاپنگ سینٹرز 31 مئی 2026 تک مقررہ اوقات کی پابندی کے بغیر کھلے رہ سکیں گے۔ اس فیصلے کا مقصد عید کی خریداری کے دوران شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا بتایا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بیکریاں، تندور، کریانہ اسٹورز اور ریسٹورنٹس بھی اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ یہ فیصلہ وزیر اعظم کی منظوری سے فوری طور پر نافذ کیا گیا ہے تاکہ عوام اور تاجروں دونوں کو فائدہ پہنچ سکے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔