منگل، 16-جون،2026
منگل 1448/01/01هـ (16-06-2026م)

او آئی سی کامسٹیک کے تعاون سے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان مشترکہ ریکٹرز فورم قائم

او آئی سی کی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک) کی سہولت کاری سے پاکستان اور ایتھوپیا نے تعلیم، تحقیق اور سائنسی تعاون کے فروغ کیلئے مشترکہ ریکٹرز فورم قائم کر دیا ہے جس میں دونوں ممالک کے پانچ پانچ ممتاز تعلیمی اور تحقیقی ادارے شامل ہیں۔

اس فورم کا اعلان او آئی سی-کامسٹیک، ایتھوپیا اور پاکستان کے مشترکہ ورچوئل اجلاس کے دوران کیا گیا۔

کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فورم دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ تعلیم، سائنسی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی، صحت عامہ اور افرادی قوت کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو نئی جہت دے گا۔

پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے اپنے خطاب میں ایتھوپیا کی تیزی سے ترقی کرتی علم پر مبنی معیشت، سائنس و ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیمی پالیسی اور صحت کے شعبے میں تحقیق کے فروغ پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

فورم میں ایتھوپیا کے ایڈیس ابابا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، ایڈیس ابابا سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی، اداما سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی، یونیورسٹی آف گونڈر اور ٹکور انبیسا اسپیشلائزڈ ہسپتال جبکہ پاکستان کی جانب سے یونیورسٹی آف لاہور، نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)، کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز (آئی سی سی بی ایس) اور سینٹر آف ایکسیلنس اِن مالیکیولر بائیولوجی شامل ہیں۔

فورم کے تحت مشترکہ تحقیق، طلبہ و اساتذہ کے تبادلے، ادارہ جاتی اشتراک، جدید ٹیکنالوجیز اور طبی علوم میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ اس مقصد کیلئے ایک مشترکہ تکنیکی کمیٹی بھی قائم کی جائے گی جو مستقبل کے پروگراموں اور سرگرمیوں کی رہنمائی کرے گی۔

اجلاس کے فوری نتائج میں کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد نے ایتھوپیا کے طلبہ کیلئے 25 اسکالرشپس کا اعلان کیا۔ کامسٹیک نے بھی ایتھوپیا کی ممتاز جامعات کے نمائندوں کو اسلام آباد مدعو کرنے اور دوطرفہ تعلیمی و تحقیقی روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔