ہفتہ، 11-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/04/19هـ (11-10-2025م)

محکمہ موسمیات نے بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کردی

27 مئی, 2025 14:00

محکمہ موسمیات نے بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کردی ہے۔

محکمہ موسمیات نے 27 سے 31 مئی کے دوران ملک کے بالائی، وسطی علاقوں کے ساتھ جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے متعدد اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، سرگودھا، اٹک، چکوال، خوشاب اور میانوالی میں بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اسی طرح جہلم، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، اوکاڑہ اور شیخوپورہ میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا میں وزیرستان، بنوں، کرم، کرک، کوہاٹ، لکی مروت، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، دیر، چترال، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بارش اور تیز ہواؤں کی توقع ہے۔ کچھ مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، ژوب، موسیٰ خیل، سبی، بولان، کوہلو، بارکھان، خضدار، آواران، لورالائی اور لسبیلہ میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ خراب موسم کے باعث سولر پینلز، درختوں اور بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، لہٰذا مسافروں اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔