بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے متعلق بڑی خوشخبری آگئی

Good news for beneficiaries of the Benazir Income Support Program
حکومت پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت دی جانے والی مالی امداد اب مکمل طور پر ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے ادا کی جائے گی۔
اسلام آباد میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ نومبر کے آخر تک یہ ڈیجیٹل والٹس فعال ہو جائیں گے۔
وزیرِ اعظم آفس کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بی آئی ایس پی سے رجسٹرڈ تمام مستحقین کو آئندہ کی قسطیں انہیں ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد مالی امداد کو زیادہ شفاف اور با آسانی فراہم کرنا ہے۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ حکومت نے بجلی اور گیس کے بلوں کی ادائیگی کے نظام کو بھی ڈیجیٹل بنایا ہے۔ اس حوالے سے ‘راست’ کیو آر کوڈز کا استعمال شروع کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے اربوں روپے کی ادائیگیاں ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ممکن ہو رہی ہیں۔ اس اقدام سے لوگوں کو بلوں کی ادائیگی میں مزید آسانی ہو گی اور کیش لیس معیشت کے قیام میں مدد ملے گی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اجلاس میں اس بات پر زور دیا کہ دیہی علاقوں میں اس بارے میں آگاہی بڑھانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں تاکہ ہر شہری کو ڈیجیٹل معیشت کے فوائد کا علم ہو سکے اور پاکستان میں غیر رسمی معیشت کا خاتمہ ہو سکے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دنیا تیزی سے ڈیجیٹل معیشت کی طرف بڑھ رہی ہے اور پاکستان کو بھی عالمی سطح پر اس رفتار کے مطابق چلنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ اسلام آباد میں سرکاری خدمات تک رسائی کے لیے تیار کی جانے والی موبائل ایپلی کیشن کو ‘راست’ کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے اب تمام ادائیگیاں کی جا رہی ہیں۔
اس کے علاوہ اسلام آباد میں نئے کاروباری لائسنسوں کے اجراء کو بھی ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی تمام موجودہ دکانوں کو بھی ‘راست’ کیو آر کوڈز کے ذریعے ادائیگی وصول کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











