اسلام آباد :جی الیون کچہری کے باہر بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کا خودکش حملہ، 12 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی

اسلام آباد :جی الیون کچہری کے باہر بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کا خودکش حملہ، 12 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی
اسلام آباد کے علاقے جی الیون میں کچہری کے قریب خودکش دھماکے میں 12 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکہ کچہری کے باہر ہوا جس کی زد میں آس پاس کھڑے لوگ آئے۔
ابتک کی رپورٹ کے مطابق 12 شہید اور 13 سے 14 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، مبینہ خودکش بمبار کا سر سڑک پر پڑا ہوا مل گیا۔
دھماکے کے فوراً بعد پولیس اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے، پولیس حکام کے مطابق دھماکا کمپلیکس کی پارکنگ میں کھڑی گاڑی میں ہوا۔ دھماکے کی نوعیت اور اس کے اسباب کا ابھی اندازہ لگایا جا رہا ہے۔
دھماکے کی آواز دور تک سنی گئی اور دھماکے کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔ قریب کھڑی دیگر گاڑیاں بھی آگ کی لپیٹ میں آ گئیں۔
ادھر مودی دہلی میں فالس فلیگ کروا کر رو رہا ہے اور ادھر اپنی پراکسیز افغان طالبان اور فتنۃ الخوارج کے ذریعے پہلے وانا کیڈٹ کالج اور آج اسلام آباد پر دہشت گردانہ حملہ کروایا۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا بیان:
اسلام آباد کے سیکٹر جی الیون میں خودکش دھماکا آج دوپہر 12 بج کر 39 منٹ پر ہوا،وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے مطابق دھماکے میں 12 افراد شہید اور 27 زخمی ہوئے ہیں۔
محسن نقوی نے بتایا کہ خودکش حملہ آور دراصل کچہری کے اندر داخل ہونے کا منصوبہ بنا رہا تھا، مگر موقع نہ ملنے پر اس نے پولیس وین کو نشانہ بنایا۔
وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی پہلی ترجیح خودکش حملہ آور کی شناخت کرنا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ ریسکیو اور تحقیقاتی کارروائیاں جاری ہیں۔
صدرِ مملکت کی اسلام آباد میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت
اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکس کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
صدر آصف زرداری نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر پاکستان کے امن و استحکام کے دشمن ہیں، اور بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے۔
انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی بہادری اور عزم پر فخر کرتی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کچہری دھماکے کا نوٹس لے لیا
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کچہری میں ہونے والے دھماکے کا فوری نوٹس لے لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے وزیر داخلہ اور آئی جی اسلام آباد سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اسلام آباد میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت
لاہور: وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد اور انسانیت کے دشمنوں کو انجام تک پہنچایا جائے گا اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جس عزم و بہادری سے ملک کا دفاع کر رہے ہیں، پوری قوم ان کے شانہ بشانہ ہے۔
مریم نواز نے سانحے کی انکوائری کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ دار عناصر کو جلد معلوم کر کے قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کا بیان
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہم حالتِ جنگ میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج یہ جنگ پاک افغان سرحدی علاقے میں لڑ رہی ہے، اور آج اسلام آباد میں ہونے والا خودکش حملہ آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد تک جنگ کو لانا کابل سے ایک پیغام ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











