جمعرات، 7-مئی،2026
جمعرات 1447/11/20هـ (07-05-2026م)

متحدہ عرب امارات کے نئے سفیر میجر جنرل (ر) سالم محمد سالم البواب الزعابی اسلام آباد پہنچ گئے

11 نومبر, 2025 15:45

اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کے نئے نامزد سفیر میجر جنرل (ر) سالم محمد سالم البواب الزعابی فلائی دبئی کی بین الاقوامی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچ گئے۔
میجر جنرل (ر) سالم محمد سالم البواب الزعابی اپنے پیش رو سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزعابی کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جنہوں نے گزشتہ ماہ پاکستان میں اپنی کامیاب مدتِ سفارت مکمل کرنے کے بعد مصر میں نئی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ سفیر حماد الزعابی نے اپنے دورِ سفارت میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے، خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔
نئے سفیر کی آمد پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ، کثیرالجہتی اور برادرانہ تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، ثقافتی قربت اور مشترکہ اقدار کی بنیاد پر استوار ہیں۔
نامزد سفیر میجر جنرل (ر) سالم محمد سالم البواب الزعابی آئندہ چند روز میں صدرِ پاکستان کو اپنی اسنادِ سفارت پیش کریں گے اور مختلف شعبوں بالخصوص معیشت، دفاع اور علاقائی تعاون میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے اپنی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

میجر جنرل (ر) سالم محمد سالم البواب الزعابی
میجر جنرل (ر) سالم محمد سالم البواب الزعابی 22 اپریل 1962 کو ابوظبی کے علاقے الزعاب جزیرے میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے برطانیہ کی معروف رائل ملٹری اکیڈمی سینڈ ہرسٹ سے 1983 میں تربیت حاصل کی اور بعد ازاں 1993 میں امریکا کے میرین کور کمانڈ اینڈ سٹاف کالج سے اعلیٰ عسکری تعلیم مکمل کی۔
سالم محمد سالم البواب الزعابی نے 1979 میں متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج میں شمولیت اختیار کی اور مختلف اہم عسکری عہدوں پر خدمات انجام دیتے ہوئے میجر جنرل کے عہدے تک ترقی پائی۔ وہ فرانس میں فوجی اتاشی، نیٹو کے لیے رابطہ افسر اور وزارت دفاع میں پالیسی و تعاون کے شعبے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
فوج سے ریٹائرمنٹ کے بعد سالم محمد سالم البواب الزعابی نے وزارتِ خارجہ میں شمولیت اختیار کی جہاں 2017 سے 2023 تک بین الاقوامی سلامتی تعاون کے شعبے کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ 2023 میں وہ وزیرِ خارجہ کے مشیر اور افغانستان کے لیے متحدہ عرب امارات کے خصوصی نمائندے کے طور پر تعینات ہوئے۔
عربی اور انگریزی زبانوں پر عبور رکھنے والے سالم محمد سالم البواب الزعابی کو بین الاقوامی امور، دفاعی تعاون اور علاقائی استحکام کے فروغ میں ان کے تجربے اور سفارتی مہارت کے باعث قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ پاکستان میں ان کی تعیناتی متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسلام آباد کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم اور ہمہ جہت تعاون کو فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔