جمعرات، 15-جنوری،2026
جمعرات 1447/07/26هـ (15-01-2026م)

اُڑان پاکستان نے 90 ہزار ماہانہ فیلوشپ کا اعلان کردیا؛ اپلائی کا طریقہ جان لیں

07 جنوری, 2026 11:48

اُڑان پاکستان نے 90 ہزار ماہانہ فیلوشپ کا اعلان کردیا ہے۔

اُڑان پاکستان نے اپنی فلیگ شپ ینگ ڈیولپمنٹ فیلوشپ (YDF) پروگرام کا آغاز کر دیا ہے، جو پبلک پالیسی اور قومی ترقی کے شعبے میں عملی تجربہ حاصل کرنے کے خواہشمند نوجوان پیشہ ور افراد کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ منتخب فیلوز کو ایک سال تک ماہانہ 90 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔

یہ پروگرام حکومت پاکستان کی وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کے تحت پلاننگ کمیشن کی جانب سے پیش کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد نوجوانوں کو ترقیاتی منصوبہ بندی، پبلک پالیسی، اصلاحات اور جدت کے شعبے میں منظم عملی تجربہ فراہم کرنا اور نئی قیادت کو تیار کرنا ہے۔

ینگ ڈیولپمنٹ فیلوشپ کے تحت منتخب امیدوار سینئر پالیسی سازوں کے ساتھ کام کریں گے اور سرکاری و نجی اداروں میں قومی سطح پر پالیسی سازی کے عمل میں براہِ راست شامل ہوں گے۔ پروگرام کے لیے امیدوار کی عمر 21 سے 30 سال کے درمیان ہونی چاہیے اور اسے کسی مستند یونیورسٹی سے متعلقہ شعبے میں ماسٹرز یا 16 سالہ پیشہ ورانہ تعلیم حاصل ہونی ضروری ہے۔ کم از کم GPA 3.2 ہونا لازمی شرط ہے۔

اس فیلوشپ کے لیے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے نوجوان امیدوار اہل ہوں گے، جن میں ترقی و معیشت، فنانس و اکاؤنٹنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، پبلک پالیسی و گورننس، توانائی، تعلیم و صحت، پراجیکٹ مینجمنٹ، ڈیٹا اینالٹکس، اربن پلاننگ، آبی وسائل، انفراسٹرکچر و تعمیرات، برآمدات و تجارت اور دیگر ترقیاتی شعبے شامل ہیں۔

نامکمل درخواستیں منظور نہیں کی جائیں گی اور صرف شارٹ لسٹ امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا۔ کسی بھی امیدوار کو ٹی اے/ڈی اے نہیں دیا جائے گا۔ درخواست دینے کے لیے امیدوار پلاننگ کمیشن کی ویب سائٹ (www.pc.gov.pk/web/career

) پر دستیاب فارم کو پُر کر کے کوریئر کے ذریعے ارسال کریں۔ فارم کے ساتھ سی وی اور تعلیمی اسناد و دیگر دستاویزات کی تصدیق شدہ نقول 13 جنوری 2026 تک جمع کرانی ہوں گی۔

حکام نے ملک بھر کے نوجوانوں کو اس فیلوشپ میں حصہ لینے کی ترغیب دی ہے اور کہا کہ یہ پروگرام پاکستان کی ترقی میں بامعنی کردار ادا کرنے اور پیشہ ورانہ تجربہ حاصل کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔