جمعرات، 15-جنوری،2026
بدھ 1447/07/25هـ (14-01-2026م)

کئی لوگوں نے مذہب کے نام پر فتنے کو فروغ دیا، وزیر اعلیٰ مریم نواز

08 جنوری, 2026 11:57

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کئی لوگوں نے مذہب کے نام پر فتنے کو فروغ دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علمائے کرام کو خوش آمدید کہتے ہیں اور آئمہ کرام احترام کے لائق ہیں۔ کوئی بھی مسئلہ ہوتا ہے تو ہم علما کی خدمات لیتے ہیں اور کار خیر میں کردار ادا کرنے والوں کے مشکور ہیں۔

مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب میں تمام مسالک کی تقریباً 80 ہزار مساجد ہیں اور 70 ہزار مساجد کے آئمہ کرام کی جانب سے درخواستیں آئیں۔ آئمہ کرام کی خدمت کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور علما اور آئمہ کرام معاشرے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امام مساجد کے لیے وظیفہ مقرر کرنے پر سابق وزیر اعظم نواز شریف نے رہنمائی کی اور کہا کہ امام کا مقام اور کام اہم ہوتا ہے، اس لیے وظیفہ بھی بہتر مقرر کیا جائے۔

مریم نواز نے اعلان کیا کہ امام مساجد کو 25 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ ملے گا، جبکہ متعدد مساجد کے امام کو ابھی بھی 5 ہزار روپے ماہانہ ملتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئمہ کرام اور حکمرانوں کا آپسی تعلق مضبوط ہونا چاہیے اور وہ چاہتے ہیں کہ ملک میں اتحاد اور امن کو فروغ ملے۔

وزیر اعلیٰ نے مذہبی منافرت اور تقسیم کو روکنے کو علما کرام کی ذمے داری قرار دیا اور کہا کہ کئی بار مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت اقدامات کرنا پڑے۔

مریم نواز نے کہا کہ کچھ لوگوں نے احتجاج کے نام پر ریاست کو یرغمال بنایا اور کئی لوگوں نے مذہب کے نام پر فتنے کو فروغ دیا۔ قانون کے محافظوں کو شہید کیا گیا، ستھرا پنجاب کی گاڑیوں کو نذر آتش کیا گیا، عوام کی املاک جلائی گئیں اور گزر گاہیں بلاک کی گئیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کچھ لوگ جلاؤ گھیراؤ اور سڑکیں بند کرنے کو مذہب کا نام دیتے ہیں، عوامی املاک کو نقصان پہنچانا، جلاؤ گھیراؤ کرنا فتنہ نہیں تو اور کیا ہے۔ فتنے کی سرکوبی صرف حکومت کا کام نہیں بلکہ آئمہ کرام کی معاونت بھی ضروری ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ظالم کو کٹہرے میں کھڑا کرنا ریاست کی ذمے داری ہے اور ریاست پوری قوت سے مظلوم کو انصاف دلوائے گی۔

انہوں نے یقین دلایا کہ ریاست اپنے شہدا کے خون کا حساب ضرور لے گی۔ پنجاب کی سرزمین ہر فتنے، ظالم اور مافیا کے لیے تنگ کر دی گئی ہے، ڈالہ کلچر، چوری چکاری اور خواتین و بچوں کی بے حرمتی ختم کی گئی، اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر کیا تاکہ عوام سکون سے رہ سکیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔