منگل، 19-مئی،2026
منگل 1447/12/02هـ (19-05-2026م)

پاکستان سمیت 10 ممالک کی غزہ گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملوں کی مذمت

19 مئی, 2026 13:26

پاکستان، ترکیہ اور بنگلہ دیش سمیت 10 اہم ممالک کے وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے پرامن گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستان، ترکیہ اور بنگلہ دیش سمیت دنیا کے 10 اہم ممالک نے اسرائیل کے وحشیانہ اقدامات کے خلاف ایک مشترکہ اور انتہائی سخت سفارتی اعلامیہ جاری کیا ہے۔

ان دس ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ کے محصورین کے لیے امداد لے جانے والے بحری بیڑے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی افواج کے بزدلانہ حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

مشترکہ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ گلوبل صمود فلوٹیلا دراصل مظلوم فلسطینی عوام کی انسانی تکالیف اور ان پر ہونے والے مظالم کی طرف عالمی توجہ مبذول کرانے کا ایک مکمل طور پر پرامن سویلین مشن تھا، جس کا مقصد صرف انسانی ہمدردی تھا۔

وزرائے خارجہ نے اس بات پر گہرے دکھ اور غصے کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی سمندری حدود کے اندر گھس کر غیر مسلح امدادی کارکنوں کو نشانہ بنانا تمام تر عالمی قوانین کی کھلی اور سنگین خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : غزہ کی نسل کشی میں امریکی کمپنی سسکو کی اسرائیل کو جنگی ٹیکنالوجی کی فراہمی کا انکشاف 

اعلامیے میں صراحت کی گئی ہے کہ امدادی جہازوں پر براہِ راست حملے کرنا اور وہاں موجود نہتے کارکنوں کو زبردستی حراست میں لینا عالمی انسانی حقوق کے طے شدہ قوانین کے مکمل منافی ہے اور کوئی بھی مہذب معاشرہ اس کی اجازت نہیں دے سکتا۔

مشترکہ بیان میں فلوٹیلا کے تمام سویلین شرکاء کی حفاظت، زندگی اور سلامتی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل سے پرزور مطالبہ کیا گیا ہے کہ حراست میں لیے گئے تمام معصوم امدادی کارکنوں کو فوری طور پر بلا قید و شرط رہا کیا جائے اور ان کے حقوق اور انسانی وقار کا ہر قیمت پر احترام کیا جائے۔

وزرائے خارجہ نے دنیا کو یاد دلایا کہ پرامن انسانی مشنز پر اسرائیل کے یہ بار بار ہونے والے حملے اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ وہ عالمی قوانین اور سمندر میں جہاز رانی کی آزادی کو برقرار رکھنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔

عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ جاگے اور اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے شہریوں اور امدادی مشنز کے تحفظ کو یقینی بنائے، جبکہ عالمی برادری سے یہ پرزور مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ وہ ان سنگین خلاف ورزیوں پر اسرائیل کی سخت بازپرس کرے اور اسرائیلی چیرہ دستیوں کے خاتمے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھائے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔