بدھ، 17-جون،2026
بدھ 1448/01/02هـ (17-06-2026م)

ٹرک ڈرائیورز کا آزاد کشمیر جانے سے انکار، شہریوں نے کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو انتشاری قرار دے دیا

15 جون, 2026 12:58

کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی فائرنگ اور توڑ پھوڑ سے تنگ آ کر ٹرک ڈرائیورز نے اپنی جانیں بچانے کے لیے آزاد کشمیر کی جانب کارگو ٹرانسپورٹ سروس محدود کرتے ہوئے سفر جاری رکھنے سے انکار کر دیا ہے۔

آزاد کشمیر میں حقوق کی آڑ میں سرگرم کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی پرتشدد سرگرمیوں کے باعث ٹرک ڈرائیورز نے وہاں جانے سے انکار کر دیا ہے۔

ٹرک ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ کالعدم کمیٹی کی جانب سے فائرنگ اور توڑ پھوڑ کی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے وہ اپنا مالی نقصان نہیں کروانا چاہتے اور نہ ہی اپنی جانیں خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔

ڈرائیورز نے واضح کیا کہ انہیں آزاد کشمیر جانے سے انتظامیہ نے نہیں روکا بلکہ وہ اپنی زندگیوں کے تحفظ کے لیے خود آگے نہیں جا رہے اور جب تک حالات پوری طرح ٹھیک نہیں ہو جاتے کوئی ٹرک آزاد کشمیر نہیں جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : آزاد کشمیر میں بے چینی سے کشمیری کاز اور پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے، بلاول بھٹو

ڈرائیورز کے مطابق یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے اور حالات معمول پر آنے تک کارگو ٹرانسپورٹ سروس کو محدود رکھا جائے گا۔

دوسری طرف آزاد کشمیر کے شہریوں نے اس کمیٹی کو انتشاری کمیٹی قرار دیتے ہوئے اس کے گمراہ کن ایجنڈے کو مسترد کر دیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ زبردستی بازار بند کرانے کی دھمکیوں سے تاجروں اور عام لوگوں کو شدید مشکلات ہیں اور حقوق کا دعویٰ کرنے والوں نے غریب دیہاڑی داروں، مزدوروں، ریڑھی بانوں اور چھوٹے دکانداروں کا معاشی قتل عام شروع کر رکھا ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ امن و امان خراب کرنے والے ان شرپسند عناصر کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کی جائے کیونکہ عوام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔