جنیوا میں امریکہ ایران معاہدے کی تقریب کا میزبان پاکستان ہوگا، وزیر اعظم

وزیر اعظم نے امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدے کو سفارت کاری کی بڑی فتح قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 19 جون کو جنیوا میں ہونے والی دستخط کی تاریخی تقریب کا میزبان پاکستان ہوگا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں بالاخر امن کا سورج طلوع ہو گیا ہے، کیونکہ امریکہ اور ایران نے تمام محاذوں پر اپنی عسکری کارروائیوں کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس تاریخی امن معاہدے پر باضابطہ دستخط کی تقریب 19 جون کو جنیوا میں منعقد ہوگی اور یہ پاکستان کے لیے انتہائی فخر کی بات ہے کہ جنیوا میں ہونے والی اس عالمی تقریب کا میزبان خود پاکستان ہوگا۔
وزیر اعظم نے اس عظیم کامیابی پر پوری پاکستانی قوم، عالمی برادری، پارلیمنٹ کے تمام اراکین اور سیاسی رہنماؤں کو دلی مبارکباد پیش کی اور مسلسل رہنمائی فراہم کرنے پر میاں نواز شریف، صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کو بھی مبارکباد دی۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ ایران معاہدہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے تعاون سے ہوا، جو 78 سالہ تاریخ کا سب سے بڑا عالمی اعزاز ہے، خواجہ آصف
اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم نے معاہدے میں بھرپور تعاون کرنے پر ترکی کے صدر، سعودی عرب کے ولی عہد، قطر کے امیر اور چین کے صدر شی جن پنگ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، جن کے تعاون سے جنگ کے شعلے اب ٹھنڈے ہو رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ دنیا میں پاکستان کو جو عزت اور وقار ملا ہے، قومیں اس کی صدیوں تک متلاشی رہتی ہیں۔
انہوں نے اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پوری قوم کی طرف سے زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل کا ذکر کیئے بغیر یہ عظیم کامیابی بلکل نامکمل ہے، کیونکہ انہوں نے اس جنگ کو بجھانے کے لیے اپنے دن رات وقف کر دیئے
انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کے دوران آنے والے کئی ایسے کٹھن موڑ جب لگتا تھا کہ بات چیت ختم ہو جائے گی، اس عظیم سپوت نے ہمت نہیں ہاری اور مسلسل مشاورت سے امن کو ممکن بنایا۔
وزیر اعظم نے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی شبانہ روز کاوشوں اور مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت کا ساتھ دینے پر عوام اور وفاقی و صوبائی قیادت کو بھی سلام پیش کیا۔
وزیر اعظم کے اس تاریخی خطاب کے بعد پورے ایوان میں وزیر اعظم زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے گونج اٹھے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











