جمعہ، 28-اگست،2026
جمعہ 1448/03/15هـ (28-08-2026م)

سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدہ، خطے میں نئی اسٹریٹجک شراکت داری کا آغاز

07 اگست, 2026 15:58

سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ نے مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جسے "مکہ ڈیفنس جوائنٹ ایگریمنٹ” کا نام دیا گیا ہے۔ اس معاہدے کو تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، اجتماعی سلامتی اور علاقائی استحکام کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ معاہدہ مکہ مکرمہ کے قصر الصفا میں ہونے والے مشترکہ دفاعی سربراہی اجلاس کے دوران طے پایا، جس میں سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوان اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے شرکت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تینوں رہنماؤں نے مکہ ڈیفنس جوائنٹ ایگریمنٹ پر دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت اگر کسی ایک رکن ملک پر حملہ ہوتا ہے تو اسے تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا، جبکہ اس کا بنیادی مقصد کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانا اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط تاریخی، سیاسی اور دفاعی تعلقات کا منطقی تسلسل ہے۔ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات تحریکِ خلافت کے دور سے استوار ہیں، جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی اعتماد، سیاسی ہم آہنگی، اقتصادی روابط اور دفاعی تعاون پر مبنی مضبوط شراکت داری طویل عرصے سے قائم ہے۔

خطے میں بدلتی ہوئی جغرافیائی و تزویراتی صورتحال، بڑھتے ہوئے سلامتی کے خدشات اور جنگ کی نئی نوعیت کے تناظر میں اس معاہدے کو اجتماعی سلامتی کے ایک نئے فریم ورک کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد کسی ملک کے خلاف محاذ آرائی نہیں بلکہ خطے میں امن، استحکام اور مؤثر دفاعی تعاون کو یقینی بنانا بتایا گیا ہے۔

اس شراکت داری میں پاکستان اپنی تجربہ کار مسلح افواج اور دفاعی مہارت، سعودی عرب اپنی مضبوط معیشت، علاقائی اثرورسوخ اور قیادت، جبکہ ترکیہ جدید دفاعی ٹیکنالوجی اور دفاعی صنعت کی صلاحیتوں کے ساتھ شامل ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ امتزاج خطے میں ایک متوازن اور مؤثر سیکیورٹی ڈھانچہ تشکیل دینے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کے تحت تینوں ممالک انٹیلی جنس کے تبادلے، مشترکہ عسکری مشقوں، دفاعی صنعت میں تعاون اور اسٹریٹجک رابطوں کو مزید وسعت دیں گے، جس سے نہ صرف باہمی دفاعی صلاحیت میں اضافہ ہوگا بلکہ کسی بھی ممکنہ جارحیت کے خلاف مؤثر بازدار قوت بھی پیدا ہوگی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان حالیہ برسوں میں علاقائی استحکام کے فروغ میں زیادہ فعال کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ اس کی بڑھتی ہوئی شراکت داری خطے میں امن، سلامتی اور اقتصادی تعاون کے نئے امکانات بھی پیدا کر سکتی ہے۔ اس معاہدے کو تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔