ہفتہ، 11-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/04/19هـ (11-10-2025م)

پاکستان میں انٹرنیٹ سے متعلق اہم خبر آ گئی

16 ستمبر, 2025 11:03

پاکستان میں انٹرنیٹ کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے اور اب یہ زندگی کے تقریباً ہر شعبے میں ناگزیر ہو چکا ہے، چاہے وہ دفتری امور ہوں، تعلیم، کاروبار یا گھریلو معاملات۔

 تاہم ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقے اب بھی انٹرنیٹ جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔ ان علاقوں میں انٹرنیٹ کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ایک اہم اقدام اٹھایا ہے۔

پی ٹی اے نے فکسڈ سیٹلائیٹ سروسز کے لیے لائسنس کا مسودہ جاری کر دیا ہے، جس کا مقصد عالمی اور مقامی سیٹلائیٹ کمپنیوں کو پاکستان میں کام کرنے کے لیے سہولیات فراہم کرنا ہے۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق لائسنس حاصل کرنے والی کمپنیاں سیٹلائیٹ سسٹمز قائم اور چلانے کی مجاز ہوں گی اور وہ براہِ راست صارفین کو انٹرنیٹ سروس فراہم کر سکیں گی۔ لائسنس کے تحت کمپنیوں کو فکسڈ ارتھ اسٹیشن، گیٹ وے اسٹیشن اور وی سیٹ کے قیام کی اجازت دی جائے گی، جب کہ وہ براڈ بینڈ، بیک ہال اور انٹرنیٹ بینڈ وڈتھ جیسی خدمات بھی فراہم کر سکیں گی۔

پی ٹی اے نے لائسنس کی فیس 5 لاکھ امریکی ڈالر مقرر کی ہے، جبکہ اس کی مدت 15 سال ہوگی۔ لائسنس حاصل کرنے کے بعد کمپنیوں کو 18 ماہ کے اندر اندر اپنی سروسز فراہم کرنا ہوں گی۔ اس کے علاوہ، ہر کمپنی کے لیے پاکستان میں کم از کم ایک گیٹ وے اسٹیشن قائم کرنا لازمی ہوگا۔

 اس لائسنس کے تحت فراہم کی جانے والی تمام سروسز صرف ایک لائسنس پر ممکن ہوں گی، تاہم کمپنیوں کو صارفین کا ڈیٹا ملک کے اندر محفوظ رکھنے کا پابند کیا گیا ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق اسٹار لنک، شنگھائی اسپیس کام اور دیگر بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہشمند ہیں، اور ان کے لیے یہ نیا فریم ورک ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔ مسودہ لائسنس اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز کی روشنی میں تیار کیا گیا ہے، جن میں رواں برس فروری میں مشاورتی عمل کے دوران دی گئی آرا بھی شامل ہیں۔ اس میں ٹیلی کام ایکٹ اور موجودہ پالیسیوں کے مطابق متعدد ترامیم بھی کی گئی ہیں۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔