ہفتہ، 11-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/04/19هـ (11-10-2025م)

اجرک والی نمبر پلیٹ کے حوالے سے پریشان شہریوں کیلئے بری خبر

18 جولائی, 2025 16:06

سندھ حکومت نے نئی نمبر پلیٹ پالیسی پر ہر صورت عملدرآمد کرانے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ اقدام سیف سٹی منصوبے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔

حکومتی ترجمان سعدیہ جاوید نے جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی بے بنیاد الزامات اور گمراہ کن پروپیگنڈے میں ملوث ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی نمبر پلیٹ سیف سٹی پراجیکٹ کا اہم جز ہے، اور اس پر کی جانے والی تنقید لاعلمی کا نتیجہ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ شہریوں کی سیکیورٹی اور جرائم کی روک تھام کے لیے نمبر پلیٹ منصوبہ نہایت اہم ہے۔ انہوں نے جماعت اسلامی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ترقی مخالف رویہ اپنائے ہوئے ہے اور ہر اقدام کو سیاسی رنگ دے کر عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔

دوسری جانب شہریوں کی جانب سے نئی نمبر پلیٹ کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ سندھ حکومت نے تمام گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے لیے نئی نمبر پلیٹ کو لازمی قرار دیا ہے، جس کا مقصد جرائم کی روک تھام اور ٹیکس وصولی کو بہتر بنانا ہے۔ کراچی میں اس وقت 35 لاکھ سے زائد موٹرسائیکلیں اور 23 لاکھ سے زیادہ گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں، جن کے لیے نمبر پلیٹ کا اجراء ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔

محکمہ ایکسائز کی جانب سے تاحال واضح رہنما ہدایات سامنے نہیں آئیں، لیکن ٹریفک پولیس نے بغیر نئی نمبر پلیٹ کے گاڑیوں کے خلاف چالان کرنا معمول بنا لیا ہے۔ موٹرسائیکل کی نمبر پلیٹ کے لیے شہریوں کو 1850 روپے اور گاڑی کی نمبر پلیٹ کے لیے 2450 روپے ادا کرنے ہوں گے۔

 شہریوں کا مطالبہ ہے کہ اگر درخواستیں آن لائن وصول کی جا رہی ہیں تو نمبر پلیٹس بھی کورئیر کے ذریعے گھر پہنچائی جائیں تاکہ عوام کو دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔

Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔