ہفتہ، 11-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/04/19هـ (11-10-2025م)

نادرا نے شہریوں کی بڑی مشکل آسان کردی

26 جولائی, 2025 14:41

نادرا نے شہریوں کی بڑی مشکل آسان کردی ہے۔

نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے ایک اور اہم سہولت متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت جلد ہی پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں نادرا سروس سینٹرز پر اپوائنٹمنٹ بکنگ کا آپشن دستیاب ہوگا۔

 نادرا کی جانب سے جاری کردہ سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سہولت کا آغاز ابتدائی طور پر فیز ون میں کیا جائے گا، جس کے تحت ملک بھر کے 43 رجسٹریشن سینٹرز پر شہری اپوائنٹمنٹ بک کر سکیں گے۔

یہ سہولت شہریوں کو لمبی قطاروں سے نجات دلانے اور خدمات کے حصول کو مؤثر اور منظم بنانے کی جانب ایک اہم قدم تصور کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ نادرا نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ خواہ شہری پاکستان میں مقیم ہوں یا بیرون ملک، وہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے شناختی دستاویزات کے لیے فیس آسانی سے ادا کر سکتے ہیں۔

اسمارٹ نیشنل آئی ڈی کارڈ، چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (بے فارم) اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی) جیسی خدمات کی فیس اب ای سہولت، جاز کیش یا ایزی پیسہ جیسے پلیٹ فارمز کے ذریعے ادا کی جا سکتی ہے۔ نادرا کا یہ اقدام ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کی جانب ایک اور عملی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد عوام کو سہولتوں کی فراہمی کو مزید بہتر اور آسان بنانا ہے۔

Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔