ایرانی صدر مسعود پزشکیان 2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے

ایرانی صدر مسعود پزشکیان 2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے
لاہور: ایران کے صدر مسعود پزشکیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
جی ٹی وی نیوز کے مطابق صدر پزشکیان لاہور پہنچے تو اُن کا استقبال اعلیٰ سرکاری حکام اور سفارتکاروں نے پرتپاک انداز میں کیا۔ اس دورے کے دوران صدر ایران پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں تجارتی روابط، علاقائی سلامتی، توانائی کے شعبے میں تعاون اور سرحدی انتظامات پر بات چیت کی جائے گی۔
روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان کے قیام سے لے کر اب تک تہران اور اسلام آباد کے درمیان خوشگوار، مخلصانہ اور گہرے تعلقات قائم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات معاشی، سائنسی، ثقافتی اور سرحدی شعبوں میں قائم ہیں، جبکہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان بھی گہرا رشتہ موجود ہے۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ زمینی، فضائی اور سمندری راستوں کے ذریعے سرحدی تجارت کو فروغ دینا اس دورے کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ایرانی صدر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سلامتی اور سرحدی مسائل ایران اور پاکستان دونوں کے لیے انتہائی اہم ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے ذریعے علاقائی سلامتی قائم کرنے کی کوششیں جاری رہیں گی۔
خیال رہے کہ ایرانی صدر پزشکیان کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلا سرکاری دورہ پاکستان ہے، جسے ایران اور پاکستان کے تعلقات میں نئے باب کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.