بدھ، 4-مارچ،2026
بدھ 1447/09/15هـ (04-03-2026م)

میں نے اسرائیل کو ایران پر حملے کے لیے مجبور کیا : ٹرمپ

04 مارچ, 2026 10:06

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہی اسرائیل کو ایران پر پہلے حملہ کرنے کے لیے مجبور کیا، کیونکہ تہران پہلے کارروائی کی تیاری کر رہا تھا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے بیضوی دفتر میں جرمن چانسلر فریڈرک میرز کے ساتھ ملاقات کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہی شاید اسرائیل کو ایران پر حملے کے لیے اکسایا۔

صدر کا کہنا تھا کہ ان کی یہ رائے تھی کہ اسلامی جمہوریہ ایران پہلے فوجی حملہ کرنے والا ہے، اس لیے انہوں نے اسرائیل کو پہل کرنے پر مجبور کیا۔

یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ، اسرائیل کیلئے امریکی اور ایرانی جانوں کی قربانی دے رہا ہے : عباس عراقچی

ٹرمپ کا یہ بیان وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کے اس موقف سے متصادم ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران پر حملے کا فیصلہ خالصتاً اسرائیل کا تھا اور امریکہ نے صرف اس کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے مارکو روبیو کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے امریکہ کو جنگ میں نہیں گھسیٹا، تاہم اعلیٰ حکام نے خفیہ بریفنگ میں بتایا کہ اسرائیل کے حملے کے منصوبے نے امریکہ کو پیشگی کارروائی پر مجبور کیا تاکہ خطے میں موجود امریکی افواج کو ممکنہ ایرانی حملوں سے بچایا جا سکے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہوں نے جوہری مذاکرات کی ناکامی کو دیکھتے ہوئے یہ اندازہ لگایا تھا کہ ایران حملہ کر دے گا، اس لیے جمعہ کو جنیوا مذاکرات کے ختم ہوتے ہی انہوں نے حملوں کی منظوری دے دی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس وقت امریکہ اور اسرائیل دونوں مکمل تیار تھے اور ان کی کارروائی کا بہت گہرا اثر ہوا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔