جمعرات، 23-اپریل،2026
جمعرات 1447/11/06هـ (23-04-2026م)

کویت کا غیرملکی کارکنان سے متعلق اہم فیصلہ

23 اپریل, 2026 13:26

کویت میں غیر ملکی مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے حکام نے فوری اور اہم اقدامات کیے ہیں۔

 پبلک اتھارٹی فار مین پاور نے مزدوروں کی شکایات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اقدام ملک میں لیبر سسٹم کو بہتر بنانے اور خدمات کے معیار کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں بڑی تعداد میں مزدور اپنے مطالبات کے حق میں اتھارٹی کے دفتر کے باہر جمع ہوئے۔ حکام نے اس صورتحال کو حساس سمجھتے ہوئے فوری ایکشن لیا اور ہنگامی ٹیم کو متحرک کر دیا۔ مزدوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جہاں انہیں کھانے پینے اور رہائش سمیت بنیادی سہولیات فراہم کی گئیں۔

حکام نے مزدوروں سے بات چیت بھی کی تاکہ ان کے مسائل کو سمجھا جا سکے۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران کئی سنگین حقائق سامنے آئے۔ معلوم ہوا کہ کچھ کمپنیوں کی جانب سے لیبر قوانین کی خلاف ورزی کی جا رہی تھی۔ بعض کیسز میں مزدوروں کے استحصال اور جبری مشقت کے شواہد بھی ملے۔ اس کے علاوہ انسانی اسمگلنگ کے شبہات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔


ان انکشافات کے بعد کیس کو مزید تحقیقات کے لیے فوجداری تحقیقاتی ادارے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں گی۔ جو بھی ذمہ دار پایا گیا اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔

پبلک اتھارٹی فار مین پاور کے ترجمان نے واضح کیا کہ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے۔ ملک میں لیبر قوانین پر سختی سے عمل کروایا جائے گا اور کسی بھی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔