پی ٹی آئی ارکان کی تقریر بغاوت سے شروع اور ہتھیار پر ختم ہوتی ہے، عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی پر شدید تنقید کی اور مریم نواز حکومت کے ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات پیش کیں۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کی تقریر بغاوت سے شروع اور ہتھیار پر ختم ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف والوں نے ابھی بھی کچھ نہیں سیکھا اور اپوزیشن نے شاید 9 مئی کے واقعات سے بھی کوئی سبق حاصل نہیں کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم اس زبان میں گفتگو نہیں کریں گے، جس زبان میں یہ لوگ کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی والوں کے مطابق 9 مئی کو ان کے ساتھ بڑا ظلم ہوا ہے، لیکن پی ٹی آئی ارکان کی جانب سے کرپشن کی باتیں کرنا بلکل مضحکہ خیز ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بے بنیاد الزامات لگانا پی ٹی آئی کا پرانا وطیرہ ہے اور جب ان سے ثبوت مانگو تو ان کے پاس کچھ بھی نہیں ہوتا۔ عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی ارکان شدید دباؤ میں ہیں اور ان کے منتخب نمائندے علیمہ خان کو وضاحتیں دیتے پھرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب حکومت نے تیسرا سرپلس بجٹ پیش کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے، عظمیٰ بخاری
صوبائی وزیر اطلاعات نے حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں 100 سے زائد ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہیں۔ پنجاب میں مزید 1100 الیکٹرک بسیں آ رہی ہیں، جبکہ جنوبی پنجاب میں 125 الیکٹرک بسیں پہلے ہی دی جا چکی ہیں اور اب خانیوال اور لیہ میں بھی الیکٹرک بسوں کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے طلبا کو 33 ہزار وظائف دیے جا چکے ہیں اور وہاں 13 ارب روپے کی خطیر رقم سے اسکول میل پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس میں اسکولوں سے باہر موجود بچوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ہم نے 80 کروڑ روپے سے زیادہ کی سبسڈی فری ٹرانسپورٹ کے لیے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے اندر بڑی تعداد میں گھر بن چکے ہیں، جہاں بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئیں اور جانچ پڑتال کے بعد مستحقین کو گھر فراہم کیے گئے۔ اس کے علاوہ جنوبی پنجاب کے لیے صاف پانی کا پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام وزیر اعلیٰ مریم نواز کو دعائیں دیتے ہیں، لیکن یہ حکومتی پروگرام اپوزیشن کو نظر نہیں آ رہے جبکہ عوام ان سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن سے سوال کیا کہ کیا ان لوگوں کو پشاور کی محرومیاں نظر نہیں آ رہیں؟
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









