امریکہ اور ایران امن معاہدے کا عالمی برادری کی طرف سے شاندار خیرمقدم، پاکستان کا شکریہ

اقوام متحدہ، قطر، ترکی، برطانیہ، فرانس، جرمنی، جاپان اور نیوزی لینڈ کے سربراہان نے امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کی یادداشت کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے کے لیے ایک بڑا قدم قرار دیا ہے۔
امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے حالیہ امن معاہدے کی ابتدائی یادداشت پر دنیا بھر کے اہم ترین رہنماؤں کی جانب سے تعریفی بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔
قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم الثانی نے اس معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور تمام علاقائی و عالمی فریقین کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس امن عمل کو ممکن بنایا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام فریقین مثبت جذبے کے ساتھ اگلی بات چیت میں حصہ لیں گے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے اسے ایک انتہائی اہم اور فیصلہ کن قدم قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ یہ مستقل جنگ بندی اور آبنائے ہرمز کو کھولنے کے لیے ایک بہترین فریم ورک ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی ثالثی کامیاب، وزیر اعظم نے امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدے طے پانے کا اعلان کردیا
ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے بھی اس کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے خطے میں مستقل امن کی راہ ہموار ہوگی، انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ دستخط کی تقریب تک کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا تخریب کاری سے بچیں۔
دوسری جانب یورپی اور دیگر عالمی طاقتوں نے بھی اس پیشرفت کی تائید کی ہے۔ برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے کہا کہ ان کا ملک امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے تکنیکی مذاکرات کی مکمل حمایت کے لیے تیار ہے اور اب توجہ آبنائے ہرمز کو مستقل طور پر کھولنے پر ہونی چاہیے۔
فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آبنائے ہرمز کو بغیر کسی شرط کے فوری کھولا جائے، انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ فرانس لبنانی حکومت کی خودمختاری کی بحالی کے لیے اپنی مدد جاری رکھے گا۔
جاپان کی وزیر اعظم ثناء تاکایچی نے اسے جوہری معاملے کے حتمی حل کی طرف ایک بڑا قدم قرار دیا۔ جرمن چانسلر فریڈرک میرز نے دونوں رہنماؤں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس سے عالمی معیشت اور مشرق وسطیٰ کی سیکیورٹی کو فروغ ملے گا، جبکہ نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز نے بھی اس مثبت پیشرفت کی تعریف کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کی فوری بحالی پر زور دیا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












