امریکہ کا ڈیزل برآمدات پر پابندی غور، ٹرمپ کا یورپی ممالک سے ڈیزل کے ذخائر جاری کرنے کا مطالبہ

امریکی صدر نے عالمی قلت کے پیش نظر ڈیزل کی برآمد پر پابندی کے امکان پر غور کرتے ہوئے یورپی ممالک سے اپنے ڈیزل کے ذخائر جاری کرنے کا مطالبہ کرنے کا اشارہ دے دیا ہے۔
عالمی سطح پر ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور قلت کے بحران کے درمیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اشارہ دیا ہے کہ وہ یورپی ممالک سے ان کے ڈیزل کے ذخائر کا کچھ حصہ جاری کرنے کا کہہ سکتے ہیں۔
اس سے پہلے امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بھی مطالبہ کیا تھا کہ یورپ کو فوری طور پر اپنے ایسے ذخائر تیار اور جاری کرنے چاہئیں۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں اس لیے امریکی کسانوں، ٹرک ڈرائیوروں اور تجارتی اداروں کو اس کا بوجھ اکیلے برداشت نہیں کرنا چاہیے۔
ایران کے ساتھ جاری جنگ کی وجہ سے بڑھتی ہوئی لاگت کے تناظر میں امریکہ ڈیزل کی برآمدات کو محدود کرنے پر غور کر رہا ہے، جو کہ امریکہ میں نومبر میں ہونے والے مڈٹرم انتخابات سے پہلے ووٹرز کے لیے ایک اہم ترین مسئلہ بن چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کی قیادت ختم ہو چکی، نہیں جانتے بات چیت کس سے کریں، ٹرمپ
برطانیہ نے بھی گزشتہ روز اپنے یورپی شراکت داروں کے ساتھ کسی بھی پابندی کے جواب میں ڈیزل کے ذخائر کو ممکنہ طور پر جاری کرنے کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔
امریکہ دنیا بھر میں ڈیزل فراہم کرنے والا ایک اہم ملک ہے، جو روزانہ 12 لاکھ سے 15 لاکھ بیرل ڈیزل برآمد کرتا ہے اور ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ برآمدات پر پابندی سے دوسرے ممالک میں قیمتوں پر مزید دباؤ بڑھ سکتا ہے۔
امریکی وزیر خزانہ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ ہمارے یورپی شراکت داروں کو موجودہ تعطل سے نمٹنے کے لیے اپنی موجودہ ذمہ داریوں پر عمل درآمد تیز کرنا چاہیے اور فوری طور پر اضافی رسد فراہم کرنی چاہیے۔
ادھر موٹرنگ آرگنائزیشن آر اے سی کے مطابق برطانیہ میں ڈیزل کی قیمتیں رواں ہفتے ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں اور فی لیٹر 200 پینس کے قریب منڈلا رہی ہیں۔
برطانوی وزیر توانائی مارٹن میک کلاسکی نے اس ممکنہ پابندی پر تبادلہ خیال کے لیے اپنے یورپی ہم منصبوں سے رابطہ کیا ہے جبکہ برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ ملک میں تیل کی سپلائی مستحکم ہے اور فی الحال کسی قلت کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








