پیر، 16-فروری،2026
پیر 1447/08/28هـ (16-02-2026م)

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی 7 مقدمات میں ضمانت منظور اور 2 میں توسیع کردی

04 مئی, 2023 16:14

اسلام آباد: ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 7 مقدمات میں ضمانت منظور اور 2 مقدمات میں ضمانت میں توسیع کردی۔

چیف جسٹس عامرفاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے عمران خان کے خلاف مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

سلمان صفدر نے کہا کہ آج دن تک 140 کیسز درج ہوچکے ہیں، پٹیشنرکے علم کے مطابق ابھی تک تمام کیسز میں ضمانت لی جن کا علم ہے، جن 7 کیسز میں پیش ہورہے ہیں ان میں براہ راست ہائیکورٹ نہیں آنا چاہتے تھے، جوڈیشل کمپلیکس ضمانت لینے گئے مگر امن عامہ کی صورتحال پیدا ہوئی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے کہا تھا متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کے لیے پروٹیکشن دیں گے، آپ نے ابھی تک تفتیش بھی جوائن نہیں کی، آپ کو پہلی تاریخ سے باورکرایا تھا کہ ہم صرف پروٹیکشن دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نکاح کیس : عون چوہدری کا بیان ریکارڈ کروانے کی درخواست منظور

وکیل صفائی سلمان صفدر نے کہا کہ عمران خان 7 کیسز میں ابھی بیان ریکارڈ کرانے کو تیار ہیں، اس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آپ کے مؤکل اسلام آباد میں موجود ہیں،تفتیشی افسران بھی یہاں ہیں، آج ہی بیان ریکارڈ کرادیں، یہ بیان اس طرح نہیں ہوگا کہ آپ ایک پیپر دے دیں، پولیس کو بیان ریکارڈ کرانے کا جو طریقہ کارہے اس کو فالو کریں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہم آپ کو ریلیف دینا چاہ رہے ہیں اگرآپ نہیں لینا چاہتے تو آپ کی مرضی۔

بعد ازاں چیف جسٹس اسلام آباد عامر فاروق اور میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل بینچ اٹھ گیا اور ججز چیمبر میں چلے گئے۔

عدالت نے عمران خان کے خلاف دہشتگردی کے 7 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پرفیصلہ محفوظ کرلیا۔

عدالت نے کچھ دیر بعد فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی کچہری کے 2 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 9 مئی تک توسیع کردی جب کہ 7 مقدمات میں 10 روز کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔

عمران خان کو 7 مقدمات میں ضمانت کے لیے ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔