امریکا کے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر درجنوں فضائی حملے

امریکا کے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر درجنوں فضائی حملے
امریکا نے بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد شام میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا نے کہا ہے کہ اس نے شام کے صدر بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد شام میں داعش کے ٹھکانوں پر درجنوں فضائی حملے کیے ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے داعش کے رہنماؤں، کارندوں اور کیمپوں سمیت 75 سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنایا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ مسلح گروہ الاسد کی حکمرانی کے خاتمے کا فائدہ نہ اٹھا سکے۔
سینٹ کام کا کہنا ہے کہ وہ ان حملوں کے بعد ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگا رہے ہیں، جن میں بوئنگ بی-52 اسٹراٹو فورٹریس اور میکڈونیل ڈگلس ایف-15 ایگل سمیت جنگی طیارے شامل تھے، تاہم حملوں میں شہری ہلاکتوں کے کوئی اشارے نہیں ملے ہیں۔
سینٹ کام کے کمانڈر جنرل مائیکل ایرک کریلا نے کہا کہ ہم داعش کو دوبارہ تشکیل دینے اور شام کی موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:
بشار حکومت کا خاتمہ اسرائیل کی بڑی کامیابی ہے، نیتن یاہو کا بیان
شام پر باغیوں کے قبضے کے بعد بشار الاسد سمیت خاندان روس پہنچ گیا
انہوں نے کہا کہ شام کی تمام تنظیموں کو معلوم ہونا چاہیے کہ اگر وہ کسی بھی طرح سے داعش کے ساتھ شراکت داری یا حمایت کرتے ہیں تو ہم ان کا احتساب کریں گے۔
یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب سبکدوش ہونے والے امریکی صدر جو بائیڈن نے الاسد کے اقتدار کے خاتمے کو تاریخی موقع قرار دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس سے ٹیلی ویژن پر خطاب کے دوران جو بائیڈن نے بشار الاسد حکومت کے زوال کا جزوی کریڈٹ لینے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ شامی صدر کی سیاسی وفات روس، ایران اور حزب اللہ کی جانب سے ان کی حمایت میں کمی کی وجہ سے ممکن ہوئی۔
نومنتخب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے پہلے دور میں شام میں امریکی فوجیوں کی تعداد کو نصف کرنے کا حکم دیا تھا مگر اب انہوں نے اشارہ دیا کہ ان کی انتظامیہ شام میں کسی بھی تنازعہ میں شامل نہیں ہوگی۔
ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ شام ایک گڑبڑ ہے، وہ ہمارا دوست نہیں، امریکا کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہونا چاہیے، یہ ہماری لڑائی نہیں ہے۔
Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












