اتوار، 22-مارچ،2026
اتوار 1447/10/03هـ (22-03-2026م)

سندھ حکومت کا خواتین کو پنک اسکوٹیز دینے کا اعلان؛ درخواست دینے کا آسان طریقہ جان لیں

27 اگست, 2025 15:38

صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ سندھ حکومت خواتین کے لیے ملک کی پہلی الیکٹرک پنک اسکوٹی اسکیم متعارف کروا رہی ہے۔

 اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں صوبائی حکومت کو 10 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے 150 خواتین پہلے سے ڈرائیونگ لائسنس رکھتی ہیں جبکہ دیگر نے لرننگ پرمٹ کے لیے درخواستیں دی ہیں۔

یہ منصوبہ سندھ حکومت اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کی مشترکہ کاوش ہے، جس کے تحت کے ایم سی خواتین کو موٹر سائیکل چلانے کی تربیت فراہم کرے گی اور ان کے ڈرائیونگ لائسنس کے اخراجات بھی برداشت کرے گی۔

 شرجیل میمن کے مطابق پہلے مرحلے میں ایک ہزار الیکٹرک اسکوٹیز فراہم کی جائیں گی، اور اگر درخواست گزاروں کی تعداد اس سے زیادہ ہوئی تو شفاف طریقے سے قرعہ اندازی کے ذریعے اسکوٹیز کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس عمل کو شفاف رکھنے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کی جائے گی جس میں محکمہ ایکسائز، ٹرانسپورٹ، فنانس اور میڈیا کے نمائندے شامل ہوں گے، تاکہ کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا بے ضابطگی سے بچا جا سکے۔ قرعہ اندازی کے عمل میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندے بھی موجود ہوں گے۔

حکومت نے خواہشمند خواتین سے کہا ہے کہ وہ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی ویب سائٹ پر جا کر ای وی اسکوٹی بیلٹ فارم پر کلک کریں، فارم مکمل کریں، مطلوبہ دستاویزات منسلک کریں اور جمع کرائیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔