پیر، 11-مئی،2026
پیر 1447/11/24هـ (11-05-2026م)

فتنہ الہندوستان کی اسلام آباد میں تباہی کی کوشش ناکام ہوگئی، خودکش بمبار خاتون گرفتار

11 مئی, 2026 15:11

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں ایک اہم پریس کانفرنس کے دوران انکشاف کیا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے ایک ایسی خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کیا ہے، جسے بلیک میلنگ کے ذریعے ہولناک مشن پر روانہ کیا گیا تھا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دہشت گردوں کے انتہائی شرمناک اور غیر انسانی ہتھکنڈوں کو بے نقاب کیا ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ سیکیورٹی اداروں نے ایک ایسی خاتون کو حراست میں لیا ہے، جسے دہشت گردوں نے ہنی ٹریپ اور بلیک میلنگ کے ذریعے خودکش حملے کے مشن پر تیار کیا تھا۔

وزیر اعلیٰ کے ہمراہ بیٹھی اس خاتون کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ کچھ عرصے سے لاپتہ تھی اور اسے دہشت گردی کے کیمپ میں ٹریننگ دی جا رہی تھی۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ بلوچستان کی وہ بیٹی ہے، جسے فتنہ الہندوستان کا ایندھن بننے سے بچا لیا گیا ہے، کیونکہ بھارتی خفیہ ایجنسی را بلوچستان میں پراکسی وار کے ذریعے معصوم بچیوں کو استعمال کر کے اپنے عالمی آقاؤں کو خوش کرنے کی مذموم کوشش کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بنوں میں چوکی پر خودکش حملہ، 15 پولیس اہلکار شہید اور 5 زخمی

پریس کانفرنس کے دوران وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ اس خاتون کو اسلام آباد میں خودکش حملے کا ہدف دیا گیا تھا اور اسے اس حد تک مجبور کیا گیا کہ اسے دھمکی دی گئی کہ اگر اس نے خودکش حملہ نہ کیا تو اس کے والد کو قتل کر دیا جائے گا۔

سرفراز بگٹی نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ہتھیار بنانا نہ تو بلوچیت ہے اور نہ ہی کوئی روایت، بلکہ یہ بشیر زیب اینڈ کمپنی کے لیے شرم کا مقام ہے کہ وہ بچیوں کو خودکش جیکٹ پہنا رہے ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت اس بچی کو باعزت طریقے سے ان کے والد کے حوالے کر رہی ہے کیونکہ ریاست کا کام جان لینا نہیں بلکہ جان بچانا اور راستہ دکھانا ہے۔

اس موقع پر گرفتار ہونے والی خاتون نے بھی اپنے اعترافی بیان میں لرزہ خیز انکشافات کیے۔ خاتون نے بتایا کہ اس کے اپنے کزن نے اسے ڈرا دھمکا کر کالعدم تنظیم بی ایل اے کے لیے کام کرنے پر مجبور کیا اور مسلسل اس کی ذہن سازی کی گئی۔

خاتون نے جذباتی انداز میں کہا کہ وہ شکر گزار ہے کہ اسے خودکش حملے سے بچا لیا گیا، وہ مزید پڑھنا لکھنا چاہتی ہے اور زندگی میں آگے بڑھنے کی خواہش رکھتی ہے۔

خاتون نے سیکیورٹی اداروں کے رویے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسے حراست کے دوران انتہائی باعزت طریقے سے رکھا گیا اور آج اسے ایک نئی زندگی مل رہی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔