اتوار، 10-مئی،2026
اتوار 1447/11/23هـ (10-05-2026م)

بنوں میں چوکی پر خودکش حملہ، 15 پولیس اہلکار شہید اور 5 زخمی

10 مئی, 2026 15:10

بنوں میں دہشت گردوں نے جدید ترین ہتھیاروں اور بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے پولیس چوکی پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 15 پولیس اہلکار شہید اور 5 زخمی ہو گئے۔

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردی کی لرزہ خیز واردات میں 15 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ یہ افسوسناک واقعہ ہفتے کی رات شمال مشرقی بنوں کے علاقے فتح خیل میں پیش آیا، جہاں دہشت گردوں نے ایک سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت پولیس کی چوکی کو نشانہ بنایا۔

عینی شاہدین اور سینیئر پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں نے بارود سے بھری ایک تیز رفتار گاڑی کو چوکی کی عمارت سے ٹکرایا، جس کے نتیجے میں ایک زوردار دھماکہ ہوا اور پوری عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جس وقت حملہ ہوا، چوکی پر 29 اہلکار تعینات تھے۔ ملبے تلے دبے اہلکاروں کو نکالنے کے لیے فوری طور پر آپریشن شروع کیا گیا، جس کے دوران اب تک 15 اہلکاروں کی نعشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ 5 زخمیوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بنوں میں آپریشن کے دوران خودکش بمبار سمیت انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک

دھماکے کے بعد کئی گھنٹے تک سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوتا رہا، جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق اس حملے میں دہشت گردوں نے پہلی بار جدید ٹیکنالوجی کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا۔

سینیئر انتظامی حکام نے تصدیق کی ہے کہ حملہ آوروں نے کواڈ کاپٹرز اور ڈرونز کے ذریعے چوکی کی نگرانی کی اور بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔

حملے کے بعد دہشت گرد چوکی میں موجود سرکاری اسلحہ بھی لوٹ کر لے گئے اور ایک پولیس اہلکار کو بھی اغوا کر کے اپنے ساتھ لے جانے میں کامیاب ہو گئے۔

ملبے تلے دبے دیگر ممکنہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے اور علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔