آذربائیجان کے وزیر داخلہ کا محسن نقوی کو خط، بنوں خودکش حملے کی مذمت

آذربائیجان کے وزیر داخلہ نے ہم منصب محسن نقوی کو مراسلے میں بنوں میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت اور پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو آذربائیجان کے وزیر داخلہ کرنل جنرل ولایت ایوازوف کی جانب سے مراسلہ موصول ہوا، جس میں انہوں نے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر بنوں میں ہونے والے حالیہ خودکش حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
آذربائیجانی وزیر داخلہ نے اس بزدلانہ کارروائی میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے واضح کیا کہ آذربائیجان کی حکومت اور عوام اس مشکل گھڑی میں اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : بنوں میں چوکی پر خودکش حملہ، 15 پولیس اہلکار شہید اور 5 زخمی
کرنل جنرل ولایت ایوازوف نے اپنے مراسلے میں مزید کہا کہ بنوں میں پولیس اہلکاروں کی شہادت اور زخمی ہونے کے واقعے نے انہیں شدید رنجیدہ کیا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ آذربائیجان ہر قسم کی دہشت گردی کی سختی سے مذمت کرتا ہے اور اس لعنت کے خلاف عالمی سطح پر کی جانے والی تمام کوششوں کی مستقل حمایت جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔
محسن نقوی نے آذربائیجانی ہم منصب کے اس ہمدردانہ پیغام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے برادر ملک کی حمایت کو سراہا ہے۔
آذربائیجانی وزیر داخلہ نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اس واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو جلد اور مکمل صحت یابی نصیب فرمائے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











