اتوار، 22-مارچ،2026
اتوار 1447/10/03هـ (22-03-2026م)

پرانے پنکھوں کو انرجی سیونگ پنکھوں میں سرکاری اسکیم کے تحت کیسے بدلیں؟ آسان طریقہ جانیے

28 اگست, 2025 14:17

پرانے پنکھوں کو انرجی سیونگ پنکھوں میں سرکاری اسکیم کے تحت تبدیل کرنے کا آسان طریقہ سامنے آگیا ہے۔

وفاقی حکومت نے ملک میں توانائی کے تحفظ کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے آئندہ دس برسوں کے دوران پرانے پنکھوں کو توانائی بچت کے جدید ماڈلز سے تبدیل کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس پر 350 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی (نیکا) نے اس منصوبے کا خاکہ تیار کیا ہے، جس کے تحت دیہی علاقوں کے 50 ملین اور شہری علاقوں کے 38 ملین افراد کو اس اسکیم میں شامل کیا جائے گا۔

یہ منصوبہ وزیر اعظم کے پنکھے کی تبدیلی کے پروگرام کے تحت متعارف کروایا گیا ہے، جس کے لیے وزارت خزانہ نے ابتدائی طور پر تکنیکی سپلائی گرانٹ کی مد میں 2 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ اس پروگرام سے توقع ہے کہ گرمیوں کے دوران قومی گرڈ پر پڑنے والا دباؤ کم ہوگا اور بجلی کی طلب میں 5000 میگاواٹ تک کمی آئے گی۔

صارفین کو اقساط پر توانائی بچت والے پنکھے فراہم کیے جائیں گے، جن کی قیمت بجلی کے ماہانہ بل میں شامل کر کے وصول کی جائے گی۔ فنانسنگ ماڈل اسلامی اصولوں پر مبنی ہوگا اور اس میں ان بینکوں کا انتخاب کیا جائے گا جن کے صارفین کی بل ادائیگی کا ریکارڈ بہتر ہوگا۔

یہ پروگرام مکمل طور پر رضاکارانہ ہے، اور دلچسپی رکھنے والے افراد نیکا کے آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔ پنکھے بنانے والی کمپنیاں انسٹالیشن، پرانے پنکھوں کی محفوظ تلفی اور بعد از فروخت سروس کی بھی ذمہ دار ہوں گی۔

ماہرین کے مطابق پاکستان میں گرمیوں کے دوران بجلی کی مجموعی طلب 17,000 میگاواٹ سے تجاوز کر جاتی ہے، جس میں سے صرف پنکھوں کے استعمال سے 12,000 میگاواٹ کی کھپت ہوتی ہے۔ حکومت کا یہ اقدام توانائی کی بچت کو فروغ دینے اور بجلی کے بحران پر قابو پانے میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔