اتوار، 22-مارچ،2026
ہفتہ 1447/10/02هـ (21-03-2026م)

صدر مملکت نے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل کی منظوری دے دی

31 اگست, 2025 14:29

صدر مملکت آصف علی زرداری نے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2025 کی منظوری دے دی۔

ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق انسداد دہشت گردی کا نیا قانون سیکیورٹی اداروں کی دہشت گردی روکنے کی صلاحیت مضبوط بنائے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قانون میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنایا گیا ہے، بل میں 3 سال کا سن سیٹ کلاز شامل ہے تاکہ مدت محدود رہے۔

ایوان صدر کے اعلامیہ کے مطابق قانون میں عدالتی نگرانی اور حفاظتی اقدامات شامل کیے گئے ہیں، یہ قانون پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اہم قدم ہے۔

 انسداد دہشت گردی ایکٹ ترمیمی بل

بل کے متن کے مطابق ٹھوس شواہد کے بغیر کسی بھی شخص کو حراست میں نہیں لیا جا سکےگا، اس میں زیر حراست شخص کی 3 ماہ سے زائد مدت کی حراست کے لیے معقول جواز لازمی قرار دیا گیا ہے۔

بل کے تحت سیکشن 11 فور ای کی ذیلی شق ایک میں ترمیم کر دی گئی۔ ترمیمی بل کے مطابق مسلح افواج یا سول آرمڈ فورسز کسی بھی شخص کو 3 ماہ تک حفاظتی حراست میں رکھنےکی مجاز ہوں گی۔ ملکی سلامتی، دفاع، امن و امان کے لیےکسی بھی شخص کو حراست میں رکھا جاسکےگا۔ اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کسی بھی شخص کو حراست میں رکھا جاسکےگا۔

ترمیمی بل کے مطابق ان جرائم میں ملوث شخص کی حراست کی مدت آرٹیکل 10 کے تحت 3 ماہ سے بڑھائی جا سکے گی، زیر حراست شخص کے خلاف تحقیقات مشترکا تحقیقاتی ٹیم کرے گی، انسداد دہشت گردی ایکٹ ترمیمی بل 3سال کےلیے نافذ العمل ہوگا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل سینیٹ نے قومی اسمبلی سے منظور ہونے والے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2025 کی منظوری دی تھی۔

جمعیت علمائے پاکستان (جے یو آئی) ف کے رہ نما حافظ حمد اللہ نے اس بل کی دونوں ایوانوں سے منظوری کو آئین اور جمہوریت کے منہ پر طمانچہ قرار دیا تھا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔