اتوار، 22-مارچ،2026
ہفتہ 1447/10/02هـ (21-03-2026م)

تیاری کرلو؛ محکمہ موسمیات نے پیشگی خبردار کردیا

01 ستمبر, 2025 12:08

محکمہ موسمیات نے آج رات سے ملک کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں شدید بارش کا امکان ہے جبکہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔

پنجاب میں یکم سے 3 ستمبر تک مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے پہلے سے متاثرہ سیلابی علاقوں میں صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔ خاص طور پر مری، راولپنڈی، جہلم، اٹک، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب کی شدت میں اضافے کا خدشہ ہے۔

 چنیوٹ، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، فیصل آباد، سرگودھا، بھکر، لیہ اور میانوالی میں بھی بارشوں کے نتیجے میں شہری اور نشیبی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔

اسی طرح ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، ملتان، بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بھی بارش اور سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا امکان ہے۔ بالائی علاقوں میں ممکنہ شدید بارشوں کے نتیجے میں دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے، خاص طور پر مرالہ ہیڈ ورکس پر سیلابی ریلوں اور اردگرد کے علاقوں کے زیر آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

آزاد کشمیر میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ وادی نیلم، مظفرآباد، باغ، شردھا حویلی اور کوٹلی میں بارش کے باعث شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

گلگت بلتستان اور چترال کے علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے کے سبب گلیشیئر پگھلنے سے سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ گلیشیئر کے پگھلاؤ میں اضافہ ممکن ہے، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ممکنہ نقصانات سے بچاؤ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات یقینی بنائیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔