بحرین ڈیفنس فورس کے چیف آف اسٹاف کی ایئرہیڈ کوارٹرز آمد، ایئر چیف سے ملاقات

اسلام آباد: بحرین ڈیفنس فورس کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل تھیاب صقر عبداللہ النعیمی نے ایئرہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال پاک فضائیہ کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کر کے کیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق، لیفٹیننٹ جنرل تھیاب صقر عبداللہ النعیمی نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایئر چیف نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے دیرینہ مذہبی و تاریخی روابط دونوں ممالک کے لازوال تعلقات کا مظہر ہیں۔ انہوں نے دوطرفہ عسکری تعاون اور مشترکہ تربیتی پروگرامز کے فروغ پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ دفاعی و سفارتی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
معزز مہمان نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، خود انحصاری اور نمایاں پیشرفت کو سراہا اور بحرین کے پائلٹس اور انجینئرز کے لیے مشترکہ تربیتی پروگرامز شروع کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر نیشنل ایرواسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے کردار کو بھی سراہا گیا۔ لیفٹیننٹ جنرل تھیاب صقر نے اپنے دورے کے دوران نیشنل آئی ایس پی آر اور پی اے ایف سائبر کمانڈ کا بھی معائنہ کیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











