علی گیلانی کی کشمیر کی آزادی کیلئے عظیم جدوجہد ناقابل فراموش ہے، علی رضا سید

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاہے کہ عظیم حریت رہنماء مرحوم سید علی گیلانی کی کشمیر کی آزادی کیلئے عظیم جدوجہد ناقابل فراموش ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے ایک چٹان کی طرح ڈٹے رہے اور ہم ان کی غیرمتزلزل اور انتھک جدوجہد کو فراموش نہیں کرسکتے۔
سید علی گیلانی کی چوتھی برسی کے موقع پر برسلز سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں علی رضا سید نے کہاکہ مرحوم کشمیری رہنماء نے تحریک آزادی کشمیر کی خاطر اپنی زندگی کے دوران طویل مدت قید وبند کی صہوبتیں برداشت کیں۔
انہیں زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ مشکلات کے باوجود علی گیلانی اپنے ارادوں میں مصمم رہے اور کشمیریوں کی بھرپور قیادت اور رہنمائی کی۔
مرحوم علی گیلانی نے کشمیریوں کی تین نسلوں کو اپنی جدوجہد سے متاثر کیا۔ وہ کشمیریوں کے ہیرو اور کشمیر کی سچی آواز تھے۔ وہ اپنے اصولوں اور نظریات سے ایک لمحہ بھی پیچھے نہیں ہٹے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاکہ سید علی گیلانی نے اپنے بلند و بالا مقاصد پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور کشمیریوں اور کشمیر کاز کے ساتھ انکی غیرمشروط وابستگی اور محبت کی وجہ سے وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ علی گیلانی جیسی عظیم شخصیات صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں۔ انکی رہنمائی اور جدوجہد کے اثرات طویل مدت تک باقی رہیں گے۔
علی رضا سید نے مزید کہاکہ علی شاہ گیلانی پہاڑ کی طرح کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت میں اپنے مضبوط موقف پر قائم رہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ رب کریم سید علی گیلانی کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور کشمیریوں کو ان کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے اپنے بیان میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی مذمت کی۔ علی رضا سید نے کہاکہ جب تک مقبوضہ کشمیر کے لوگ بھارتی چنگل سے آزادی نہیں ہوجاتے، ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
انہوں نے بھارتی جیلوں میں قید کشمیری رہنماؤوں یاسین ملک اور شبیرشاہ اور انسانی حقوق کے علمبردار خرم پرویز سمیت تمام کشمیری قیدیوں کی رہائی کامطالبہ کیا۔
انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں پر بھارتی ظلم و ستم کے خاتمے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











