ہفتہ، 21-مارچ،2026
ہفتہ 1447/10/02هـ (21-03-2026م)

وفاقی حکومت کا عام تعطیل کا اعلان؛ نوٹیفکیشن جاری

03 ستمبر, 2025 10:28

وفاقی حکومت نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔  

حکومتِ پاکستان نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر 12 ربیع الاول، بروز ہفتہ 6 ستمبر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے کابینہ ڈویژن نے وزیرِاعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ہر سال پاکستان سمیت دنیا بھر میں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم ولادت مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوتا ہے۔ نماز فجر کے بعد ملک بھر کی مساجد میں مسلم اُمہ کے اتحاد، ملکی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جاتی ہیں۔

اس بابرکت دن کی مناسبت سے ملک بھر میں محفلِ میلاد، سیرت کانفرنسز، نعتیہ تقریبات اور دیگر مذہبی اجتماعات منعقد کیے جاتے ہیں، جن میں حضور اکرم ﷺ کی حیاتِ طیبہ اور تعلیمات پر روشنی ڈالی جاتی ہے۔ عوام الناس نبی آخرالزماں ﷺ سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے گھروں، عمارتوں، بازاروں، گلیوں اور مساجد کو برقی قمقموں، جھنڈیوں اور چراغاں سے سجاتے ہیں۔

عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات ہر سال نہ صرف مذہبی جوش و جذبے سے منائی جاتی ہیں بلکہ یہ دن معاشرتی ہم آہنگی، رواداری اور اخلاقی اقدار کو فروغ دینے کا ذریعہ بھی بنتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔