لاہور: گلبرگ کے ہوٹل میں آتشزدگی، ایک شخص جاں بحق، 6 افراد زخمی، 180 افراد محفوظ نکال لیے گئے

لاہور: گلبرگ کے ہوٹل میں آتشزدگی، ایک شخص جاں بحق، 6 افراد زخمی، 180 افراد محفوظ نکال لیے گئے
لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع ایک ہوٹل کی بیسمنٹ میں اچانک آگ لگنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے۔ واقعے کے وقت ہوٹل میں نجی کالج کی ایک تقریب جاری تھی جس کے باعث ہوٹل میں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ ہوٹل کے تہہ خانے میں گیس لیکج کے باعث لگی۔ آگ پھیلنے کے بعد ہوٹل میں دھواں بھر گیا جس سے کئی افراد کو سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ہوٹل میں موجود 180 افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے بتایا کہ آگ بیسمنٹ میں لگی اور ریسکیو آپریشن فوری طور پر شروع کر دیا گیا۔ ان کے مطابق آگ پر قابو پانے کا کام جاری رہا اور خوش قسمتی سے عمارت کے دیگر حصوں میں آگ نہیں پھیلی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق اب تک 6 افراد کو جھلسنے اور دھویں سے متاثر ہونے کی وجہ سے طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔ زخمیوں میں ایک شخص ایسا بھی ہے جو 35 سے 40 فیصد تک جھلس گیا ہے، جبکہ ایک 28 سالہ خاتون بھی متاثرین میں شامل ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے سے ایک الیکٹریشن مبین شدید جھلس گیا، جبکہ دیگر افراد کی حالت دھویں کے باعث غیر ہو گئی تھی۔ تمام زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق ہوٹل سے ایک لاش بھی نکالی گئی ہے۔ جاں بحق شخص کی شناخت ہو چکی ہے اور وہ ہوٹل کا لانڈری ملازم تھا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ آگ لگنے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










