مصطفیٰ کمال کا پمز اسپتال کا اچانک دورہ، کارڈیک سینٹر اور ریڈیالوجی شعبے کی سہولیات کا جائزہ لیا

مصطفیٰ کمال نے پمز اسپتال کا اچانک دورہ کیا، جہاں انتظامی دفاتر جانے کے بجائے براہِ راست کارڈیک سینٹر، کیتھ لیب اور ریڈیالوجی شعبے کا جائزہ لیا اور مریضوں سے ملاقات کی۔
وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر پشاور موڑ کے قریب واقع پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز یعنی پمز اسپتال کا سرپرائز دورہ کیا۔
اپنے دورے کے دوران وفاقی وزیر انتظامی دفاتر جانے کے بجائے براہِ راست اسپتال کے کارڈیک سینٹر پہنچ گئے۔ وہاں انہوں نے الیکٹرو فیزیالوجی کیتھ لیب اور ریڈیالوجی شعبے کا دورہ کیا اور اسپتال میں نصب سی ٹی اینجیو مشین کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عائشہ ایسانی نے وفاقی وزیر کو جدید سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
دورے کا بنیادی مقصد اسپتال میں آنے والے مریضوں کی مشکلات اور انہیں فراہم کی جانے والی جدید طبی سہولیات کا موقع پر جائزہ لینا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : ملک میں نئے انتظامی یونٹس بنانا نہ تو کفر ہے اور نہ ہی آئین کے خلاف، مصطفیٰ کمال
مصطفیٰ کمال نے اسپتال کے مختلف شعبوں میں زیرِ علاج مریضوں، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ڈاکٹروں سے بالمشافہ گفتگو کی اور علاج معالجے کے تمام تر انتظامات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران مریضوں نے حکومت کے صحت سہولت کارڈ کے حوالے سے اپنے مثبت تجربات بھی شیئر کیے اور فراہم کی جانے والی سہولیات کی تعریف کی۔
اسپتال میں زیرِ علاج ایک مریض نے وزیرِ صحت کو بتایا کہ اسے دل کا دورہ پڑا تھا اور جب وہ پمز لایا گیا تو وزیراعظم صحت کارڈ کے تحت اس کا 4 لاکھ روپے کا پورا علاج بلکل مفت ہوا، جس پر اس نے حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ پمز کے علاوہ ایسے مزید 15 نجی اسپتالوں میں بھی صحت کارڈ کے ذریعے عوام کا علاج بلکل مفت کیا جا رہا ہے، اور حکومت صحت کی سہولیات کو ہر شہری کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے تمام وسائل استعمال کر رہی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










