خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس کے مریضوں میں اضافہ، 98 نئے کیسز کی تصدیق

خیبرپختونخوا میں ایک ہفتے کے دوران ڈینگی وائرس کے 98 نئے کیسز کی تصدیق کردی گئی ہے، جس کے بعد مریضوں کی تعداد بڑھ کر 581 ہو گئی۔
خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس کی صورتحال مسلسل تشویشناک ہوتی جا رہی ہے اور صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ صحت کی جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق صوبے میں ڈینگی کے مصدقہ مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 581 تک پہنچ گئی ہے۔
خیبرپختونخوا بھر میں رواں سال ڈینگی کے مجموعی طور پر 3 ہزار 487 مشتبہ مریض رپورٹ کیے جا چکے ہیں، جن کے نمونے لیبارٹریز میں ٹیسٹ کے لیے بھیجے گئے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی تاریخ کا پہلا نیشنل پورٹس ماسٹر پلان تیار، یکساں ٹیرف نافذ
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق صرف ایک ہفتے کے دوران صوبے بھر میں ڈینگی کے 98 نئے مصدقہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت پشاور اور ضلع کوہاٹ وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
پشاور میں رواں سال ڈینگی کے اب تک 220 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ پچھلے ایک ہفتے میں پشاور سے 33 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ اسی طرح ضلع کوہاٹ میں اب تک ڈینگی وائرس کے 209 کیسز رپورٹ کیے جا چکے ہیں۔
محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ تمام تر کیسز کے باوجود راحت کی بات یہ ہے کہ خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس کی وجہ سے رواں سال اب تک کوئی ہلاکت یا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا ہے۔
صوبائی طبی ٹیمیں ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے اور متاثرہ علاقوں میں اسپرے سمیت تمام ضروری تدارکی اقدامات کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










