ہفتہ، 7-فروری،2026
ہفتہ 1447/08/19هـ (07-02-2026م)

سانحہ گل پلازہ؛ جاں بحق افراد کی تعداد 73 ہوگئی

26 جنوری, 2026 10:06

ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 73 ہوگئی ہے۔

ایدھی حکام کے مطابق آج مزید 2 انسانی لاشوں کے باقیات ایدھی سرد خانے منتقل کی گئیں، 2 خواتین سمیت 22 میتیں ورثا کے حوالے کی جاچکیں۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 9 روز سے جاری سرچ آپریشن اب آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔ ان کے مطابق آج ایک مرتبہ پھر سروے ٹیم متاثرہ عمارت کا مکمل جائزہ لے گی، جس کے بعد عمارت کو باقاعدہ طور پر سیل کردیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 73 ہوچکی ہے، جبکہ لاپتہ افراد کی فہرست میں 79 نام شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تاحال 13 ایسے افراد ہیں جن کے لواحقین نے ڈی این اے نمونے جمع نہیں کروائے اور نہ ہی وہ حکام سے رابطے میں ہیں۔

 انہوں نے واضح کیا کہ اب تک 55 خاندانوں کے ڈی این اے نمونے حاصل کیے جاچکے ہیں جبکہ باقی افراد کو آج تک کی مہلت دی گئی ہے۔ اگر مقررہ وقت تک کوئی رابطہ نہ ہوا تو انہیں فہرست سے خارج سمجھا جائے گا۔

جاوید نبی کھوسو کے مطابق بعض خاندانوں سے تین سے چار افراد کے ڈی این اے لیے گئے ہیں جبکہ ابتدائی دنوں میں ہی 6 افراد کی شناخت ہوچکی تھی۔ اب تک مجموعی طور پر 23 جاں بحق افراد کی شناخت مکمل کی جاچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گل پلازہ کے گراؤنڈ فلور اور میزنائن فلور کو مکمل طور پر کلیئر کر لیا گیا ہے جبکہ ایک حصہ اب بھی باقی ہے جس کی تلاشی جاری ہے۔

ڈی سی ساؤتھ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ متاثرہ عمارت کے قریب جانے سے گریز کریں کیونکہ علاقے کو حفاظتی طور پر نشان زد کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے احتیاط ضروری ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔