جمعہ، 6-فروری،2026
جمعہ 1447/08/18هـ (06-02-2026م)

صدر آزاد کشمیر سلطان محمود چوہدری انتقال کرگئے

01 فروری, 2026 13:35

صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری انتقال کر گئے۔

تفصیلات کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری 71 برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔ انکی نماز جنازہ آج سہ پہر 3 بجے آبائی گاؤں چیچیاں، میرپور میں ادا کی جائے گی۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری  نے صدرآزاد جموں و کشمیر، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔ صدرِ مملکت نے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کی مغفرت اور جنتِ فردوس میں اعلیٰ مقام کی دعا کی۔ صدرِ مملکت نے مرحوم کی قومی اور سیاسی خدمات کو گرانقدر قرار دیتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ۔ وزیرِ اعظم  نے  مرحوم کی بلندی درجات اور سوگوران کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا مرحوم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ایک مدبر سیاست دان تھے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری 9 اگست 1955 کو میرپور آزاد کشمیر کے گاؤں چیچیاں میں پیدا ہوئے اور برطانیہ کے لنکنز اِن سے بار ایٹ لا کی ڈگری حاصل کی۔

انہوں نے 9 مرتبہ اپنے آبائی حلقہ میرپور سے رکن اسمبلی منتخب ہو کر عوامی خدمت کی۔ 1996 میں وہ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم منتخب ہوئے جبکہ 2021 میں صدر آزاد جموں و کشمیر کے عہدے پر فائز ہوئے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری وہ واحد کشمیری رہنما تھے جنہیں مقبوضہ کشمیر کے دورے کی اجازت ملی اور انہوں نے حریت رہنماؤں جیسے سید علی گیلانی اور یاسین ملک سے ملاقاتیں کر کے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں کوئی کثر نہیں چھوڑی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔