منگل، 10-فروری،2026
منگل 1447/08/22هـ (10-02-2026م)

پاک فضائیہ کی جنوبی زون میں فضائی مشق ’گولڈن ایگل‘ — اعلیٰ جنگی تیاریوں اور جدید صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ

10 فروری, 2026 20:33

پاک فضائیہ نے سدرن ایئر کمانڈ کے دائرۂ اختیار میں فضائی مشق گولڈن ایگل کامیابی سے منعقد کی، جس میں پاک فضائیہ کی ہمہ جہت جنگی صلاحیتوں، اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور مکمل آپریشنل تیاری کا بھرپور عملی مظاہرہ کیا گیا۔ اس مشق کا بنیادی مقصد مصنوعی ذہانت پر مبنی نیٹ ورک سینٹرک تربیتی نظام کے تحت آپریشنل صلاحیتوں کو مزید مؤثر بنانا اور مقامی طور پر تیار کردہ جدید اسمارٹ ٹیکنالوجیز کو ایک مربوط پلیٹ فارم پر یکجا کرنا تھا۔

بدلتی ہوئی علاقائی سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر، مشق کی منصوبہ بندی اور عملی تشکیل ٹو فورس کنسٹرکٹ کے تحت کی گئی، جس میں دوست افواج نے مضبوط انٹیگریٹڈ ایئر ڈیفنس سسٹم کے فریم ورک میں رہتے ہوئے حقیقت سے قریب تر جنگی ماحول تشکیل دیا۔ مشق کے دوران سائبر، خلاء اور الیکٹرو میگنیٹک اسپیکٹرم آپریشنز کے باہمی امتزاج اور مشترکہ استعمال کے ذریعے ہم آہنگ حربی اہداف حاصل کیے گئے۔

حربی مرحلے میں فرسٹ شوٹ، فرسٹ کِل صلاحیت کے حامل جدید لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا، جو طویل فاصلے تک مار کرنے والے بی وی آر ایئر ٹو ایئر میزائلز، توسیع شدہ رینج کے ایئر ٹو گراؤنڈ اسٹینڈ آف ہتھیاروں اور انتہائی درست نشانہ سازی کی صلاحیتوں سے لیس تھے۔ ان کارروائیوں کو ایئر ٹو ایئر ریفیولرز اور ایئر بورن ارلی وارننگ اینڈ کنٹرول سسٹمز جیسے فورس ملٹی پلائرز کی مکمل معاونت حاصل رہی، جس کے ذریعے دشمن کے مراکزِ ثقل کو غیر معمولی درستگی اور مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔

مشق گولڈن ایگل کی نمایاں خصوصیت مینڈ اَن مینڈ ٹیمِنگ کا کامیاب مظاہرہ رہا، جس میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے کِلر ڈرونز اور لوئٹرنگ میونیشنز کو مربوط انداز میں استعمال کیا گیا۔ یہ نظام شدید مقابلے، گنجان اور متاثرہ جنگی ماحول میں مؤثر طور پر سرگرمِ عمل رہے، جس سے جدید جنگی حالات میں پاک فضائیہ کی تیز رفتار اور پیچیدہ آپریشنز انجام دینے کی صلاحیت کی توثیق ہوئی۔

مشق کے دوران پاک فضائیہ کو نیکسٹ جنریشن آل ڈومین کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (ایئر ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد) سے متحد کمانڈ اینڈ کنٹرول کے تحت جدید فضائی جنگی تصورات کی مشق اور جانچ کا موقع ملا۔ اس مربوط کمانڈ ڈھانچے کے ذریعے مکمل اسپیکٹرم پر مشتمل جدید حربی فضائی ماحول میں مسابقتی اور مؤثر کارروائیاں انجام دی گئیں۔

فضائی مشق گولڈن ایگل کی کامیاب تکمیل اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ پاک فضائیہ ہمہ وقت اعلیٰ درجے کی جنگی تیاری برقرار رکھنے، مقامی جدت طرازی سے بھرپور استفادہ کرنے اور موجودہ و مستقبل کے سکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار اور پرعزم ہے۔ 

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔