پاکستانی سوشل میڈیا میں افغان جی ڈی آئی اور را پروپیگنڈا نیٹ ورک سرگرم

ذرائع کے مطابق افغان خارجہ انٹیلی جنس ایجنسی جی ڈی آئی کا میڈیا سیل بھارتی خفیہ ایجنسی را سے منسلک پروپیگنڈا نیٹ ورکس کے ساتھ مل کر پاکستانی سوشل میڈیا نیٹ ورک میں منظم انداز سے دراندازی کی کوشش کر رہا ہے، جس کا مقصد غلط معلومات اور جعلی بیانیے پھیلانا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ابتدائی مرحلے میں یہ نیٹ ورکس خود کو پاکستان کے حق میں سرگرم سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے طور پر ظاہر کرتے ہوئے معروف پاکستان کے حامی اکاؤنٹس کو کاپی کرتے ہیں اور ان کی پوسٹس کو ری پوسٹ یا ان پر تبصرے کر کے اپنی ساکھ قائم کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تاکہ سوشل میڈیا صارفین کا اعتماد حاصل کیا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جب یہ اکاؤنٹس مخصوص حد تک ساکھ اور رسائی حاصل کر لیتے ہیں تو اگلے مرحلے میں یہی نیٹ ورک سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جعلی خبروں اور گمراہ کن معلومات کا سیلاب لے آتے ہیں، جس کا ہدف رائے عامہ کو متاثر کرنا اور قومی بیانیے کو نقصان پہنچانا ہوتا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی ادارے ان تخریبی اور بدنیتی پر مبنی سرگرمیوں سے مکمل طور پر باخبر ہیں اور صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، تاہم عوام اور بالخصوص سوشل میڈیا پر سرگرم افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہر قسم کی معلومات صرف معتبر اور تصدیق شدہ ذرائع سے حاصل کریں اور کسی بھی خبر یا دعوے کو آگے پھیلانے سے پہلے متعلقہ اکاؤنٹ کی شناخت، مقام اور ساکھ کی جانچ ضرور کریں تاکہ دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












