بنگلہ دیش میں نئی حکومت کے آتے ہی بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ

بنگلہ دیش میں نئی منتخب حکومت کے اقتدار سنبھالتے ہی ملک کے اہم ترین اداروں بشمول فوج اور جامعات میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
آرمی ہیڈ کوارٹرز کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق فوج کے اعلیٰ عہدوں پر کئی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل معین الرحمن کو بنگلہ دیشی فوج کا نیا چیف آف جنرل اسٹاف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ پی ایس او لیفٹیننٹ جنرل قمرال کو اچانک ان کے عہدے سے ہٹا کر وزارت خارجہ میں بطور سفیر بھیج دیا گیا ہے۔
مبصرین اس تبدیلی کو انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں کیونکہ جنرل قمرال کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ بھارت پر انحصار کم کرنے کے حوالے سے اہم عسکری مشورے دے رہے تھے۔
انتظامی تبدیلیوں کا یہ سلسلہ صرف فوج تک محدود نہیں ہے بلکہ تعلیمی اداروں میں بھی نظر آ رہا ہے۔ ڈھاکہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد خان نے حکومت سنبھالنے کے پانچ دن بعد ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق انہیں سیکریٹریٹ طلب کیا گیا تھا جہاں انہیں واضح کر دیا گیا تھا کہ اگر وہ خود مستعفی نہ ہوئے تو انہیں برطرف کر دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : بقایاجات کی عدم ادائیگی پر بھارتی ایئرلائن کے لیے بنگلہ دیشی فضائی حدود بند
اس کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی جرائم ٹریبونل کے چیف پراسیکیوٹر تاج الاسلام کو بھی ہٹانے کی خبریں گردش کر رہی ہیں، جس کے پیچھے حسینہ واجد دور میں ہونے والی گمشدگیوں اور قتل کے ملزم فوجی افسران کو تحفظ دینے کا منصوبہ بتایا جا رہا ہے۔
حکومت نے بی ڈی آر بغاوت اور پیلخانہ قتل عام کی دوبارہ تحقیقات کے لیے ایک نیا کمیشن بنانے کا بھی اشارہ دیا ہے، جس کے لیے موجودہ غیر مطبوعہ رپورٹ کو نظر انداز کیا جا سکتا ہے۔
ان تمام تبدیلیوں سے یہ واضح ہو رہا ہے کہ نئی حکومت ملک کے سیاسی اور انتظامی ڈھانچے کو مکمل طور پر تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ کیانکہ یہ صرف انتظامی تبدیلیاں نہیں ہیں بلکہ ایک بڑا سیاسی سگنل ہے کہ بنگلہ دیش اب اپنی داخلی اور خارجہ پالیسیوں کو ایک نئی سمت میں لے کر جانا چاہتا ہے، جہاں پرانے نظام سے وابستہ افراد کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








