ہفتہ، 28-فروری،2026
ہفتہ 1447/09/11هـ (28-02-2026م)

کویت اور عراق کے درمیان سمندری حدود کا تنازع، قطر نے اہم بیان جاری کر دیا

23 فروری, 2026 11:34

قطر نے کویت کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کویت کی بحری حدود اور اس کے علاقوں پر اس کی مکمل خود مختاری کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

قطری وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک اہم بیان میں کہا گیا ہے کہ قطر ان تمام نقشوں اور دستاویزات کا باریک بینی سے مشاہدہ کر رہا ہے جو جمہوریہ عراق کی جانب سے اقوام متحدہ میں جمع کرائے گئے ہیں۔

قطر کے مطابق ان نقشوں میں درج حدود سے ریاست کویت کی بحری حدود اور ان سمندری مقامات کی خود مختاری متاثر ہو رہی ہے جو کویت اور عراق کے درمیان تاریخی طور پر طے شدہ اور مستحکم حیثیت رکھتے ہیں، جن میں فشٹ القید اور فشٹ العیج جیسے اہم مقامات شامل ہیں۔

وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا ہے کہ قطر، کویت کی سمندری حدود اور بلند بحری مقامات پر اس کے مکمل قانونی حق اور خود مختاری کے موقف کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔

قطر نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی ملک کی علاقائی سالمیت اور اس کی طے شدہ سرحدوں کا احترام بین الاقوامی تعلقات کی بنیاد ہے، اس لیے کویت کے جغرافیائی حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ اور قطری امیر کے درمیان رابطہ، کشیدگی میں کمی کیلئے سفارتی کوششوں پر زور

قطری حکومت نے اس بات پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے کہ عراق کی جانب سے پیش کردہ نقشے اور دستاویزات موجودہ عالمی قوانین اور علاقائی استحکام کے منافی ہو سکتے ہیں۔

اس سلسلے میں قطری وزارت خارجہ نے امید ظاہر کی ہے کہ سمندری حدود کے اس معاملے میں بین الاقوامی قانون کے تمام اصولوں اور ضابطوں کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔

بیان میں اقوام متحدہ کے 1982 کے سمندری قانون کے کنونشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تمام معاملات کو بین الاقوامی معاہدوں کے تحت حل کیا جانا چاہیے۔

قطر نے زور دیا کہ کویت اور عراق کے درمیان ماضی میں ہونے والی تمام مفاہمتوں، دوطرفہ معاہدوں اور یادداشتوں کا احترام کیا جائے تاکہ خطے کے امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے اور برادر ممالک کے درمیان تعلقات میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔