اسرائیل کی ناجائز حمایت پر اسلامی دنیا برہم، او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب

اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر مائیک ہکابی کے انتہائی اشتعال انگیز اور متنازع بیان پر دنیا بھر کے اسلامی ممالک کی نمائندہ جماعت، اسلامی تعاون تنظیم نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
جدہ سے جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان کے مطابق یہ اہم اجلاس 26 فروری کو منعقد ہوگا، جس میں اسرائیل کے غیر قانونی اقدامات اور امریکی سفیر کے بیان سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ اس ہنگامی نشست کا بنیادی مقصد تمام رکن ممالک کا ایک مشترکہ اور مضبوط موقف دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے تاکہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایک موثر حکمت عملی تیار کی جا سکے۔
اسلامی تعاون تنظیم نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ اسرائیل دراصل فلسطین کے مسئلے کے مستقل حل یعنی دو ریاستی فارمولے کے لیے کی جانے والی تمام بین الاقوامی کوششوں کو دانستہ طور پر کمزور کرنا چاہتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مسلم ممالک کے ردعمل کے بعد اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر اپنے بیان سے مکر گئے
گزشتہ روز بھی تنظیم نے امریکی سفیر کے اسرائیل کی توسیع پسندی کی کھل کر حمایت کرنے کے بیان کی شدید مذمت کی تھی۔ تنظیم کے مطابق ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے اسرائیل کو خطے کے مزید علاقوں پر غاصبانہ قبضہ کرنے کی شہہ ملے گی، جو سراسر فلسطینیوں کے بنیادی حقوق پر ڈاکا ڈالنے کے مترادف ہے۔
یاد رہے کہ یہ تمام تر تنازع اس وقت شروع ہوا جب امریکی سفیر مائیک ہکابی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر اسرائیل مشرق وسطیٰ کے وسیع علاقوں پر اپنا کنٹرول حاصل کر لیتا ہے تو انہیں ذاتی طور پر اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
اس بیان نے نہ صرف سفارتی حلقوں میں کھلبلی مچا دی ہے بلکہ اسلامی دنیا میں بھی شدید غم و غصہ پیدا کر دیا ہے۔ تنظیم تعاون اسلامی کا ماننا ہے کہ ایسے بیانات عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ اب 26 فروری کو ہونے والے اجلاس میں اسلامی ممالک اس حوالے سے اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












