ایران امریکہ مذاکرات کا تیسرا دور، ایران کا پابندیوں اور جوہری معاملے پر پیش رفت کا دعویٰ

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات کے تیسرے دور میں پابندیوں اور جوہری معاملے پر نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور آئندہ دور کی تیاری جاری ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سماجی رابطوں کے ذریعے جاری بیان میں کہا ہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان ہونے والے بالواسطہ مذاکرات کے تیسرے دور میں پہلے کی نسبت زیادہ پیش رفت حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے اس مرحلے کو اب تک کا سب سے زیادہ گہرا اور سنجیدہ دور قرار دیا۔
عراقچی کے مطابق مذاکرات اس سمجھ بوجھ پر ختم ہوئے کہ بنیادی معاملات پر مزید تفصیلی اور درست انداز میں مشاورت جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے تصدیق کی کہ آئندہ دنوں میں ویانا میں تکنیکی ٹیمیں سیاسی سطح کی بات چیت کے ساتھ ساتھ پابندیوں اور جوہری فائل سے متعلق خصوصی امور پر تبادلہ خیال کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تکنیکی ماہرین کا کردار بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا سیاسی قیادت کا۔
یہ بھی پڑھیں : جنیوا میں ایران اور امریکہ کے بالواسطہ مذاکرات ختم، بنیادی اختلافات برقرار
جنیوا میں ہونے والے اس دور کے اختتام پر عمان کے وزیر خارجہ بدر بن حمد البوسعیدی نے اسے نمایاں پیش رفت قرار دیا۔ فریقین اپنی اپنی حکومتوں سے مشاورت کے بعد دوبارہ ملاقات کریں گے۔ عراقچی نے بتایا کہ بعض امور پر دونوں جانب سے مفاہمت کے قریب پہنچا جا چکا ہے جبکہ چند معاملات اب بھی اختلافی ہیں۔
انہوں نے اشارہ دیا کہ چوتھا دور اس وقت منعقد ہوگا، جب ضروری دستاویزات تیار ہو جائیں اور دونوں حکومتیں اندرونی مشاورت مکمل کر لیں۔
آئندہ مرحلے میں خاص طور پر پابندیوں کے خاتمے کے طریقہ کار پر توجہ دی جائے گی کیونکہ تہران کے نزدیک یہ کسی بھی ممکنہ معاہدے کا بنیادی جزو ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












