190 ملین پاؤنڈ کیس : بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا کو دلائل کیلئے آخری مہلت

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا کو اپیلوں پر دلائل دینے کی آخری مہلت دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگلی سماعت پر التوا نہیں دیا جائے گا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ کی جانب سے جاری کردہ تحریری حکم نامے میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا کو اپیلوں پر دلائل دینے کی حتمی اور آخری مہلت دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : 190 ملین پاؤنڈ کیس: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے سزا معطلی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا
عدالت نے اپنے حکم نامے میں دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ اگر آئندہ سماعت پر اپیلوں پر دلائل نہ دیئے گئے تو عدالت نیب کا مؤقف سن کر دستیاب عدالتی ریکارڈ کے مطابق کیس کا فیصلہ کر دے گی اور مزید کوئی مہلت نہیں دی جائے گی۔
سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے عدالت کے سامنے واضح انڈرٹیکنگ جمع کرائی کہ وہ آئندہ سماعت پر مزید کوئی التوا نہیں مانگیں گے اور لازمی طور پر اپیلوں پر اپنے حتمی دلائل پیش کریں گے۔
عدالت نے سردار لطیف کھوسہ کی اس انڈرٹیکنگ کو ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے ان کی جانب سے کیس ملتوی کرنے کی استدعا منظور کر لی۔
عدالت نے اپنے حکم نامے میں لکھا ہے کہ سردار لطیف کھوسہ کا وکالت نامہ ریکارڈ پر موجود ہے اور ان کی یقین دہانی کے بعد ہی یہ التوا دیا جا رہا ہے، تاہم اب یہ آخری موقع ہے۔ اس تحریری حکم نامے کے ساتھ ہی کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









