پیر، 29-جون،2026
پیر 1448/01/14هـ (29-06-2026م)

190 ملین پاؤنڈ کیس: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے سزا معطلی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا

29 جون, 2026 11:52

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سزا معطلی کی درخواستیں مسترد کیے جانے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔

بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اپنی سزا معطلی کے لیے ملک کی سب سے بڑی عدالت، سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کیا ہے، جس کے تحت ہائی کورٹ نے ان کی سزا معطلی کی اپیلیں خارج کر دی تھیں۔

سپریم کورٹ میں دائر کردہ اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہائی کورٹ کی جانب سے سزا معطلی کی درخواست مسترد کرنا انصاف کے بنیادی تقاضوں کے خلاف تھا۔

درخواست کو قابل سماعت ماننے کے بعد بھی مقدمے کے اہم قانونی نکات کو نظرانداز کیا گیا، جو کہ قانوناً درست نہیں ہے۔

اپیل میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دوران قید بانی پی ٹی آئی کو بینائی کا عارضہ لاحق ہوا، جس کے علاج کے لیے انہیں جیل سے باہر بھی منتقل کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویش بڑھ رہی ہے، فوری اسپتال منتقل کیا جائے، بیرسٹر گوہر

شدید صحت کے مسائل کے باوجود رہائی نہ دینا ناانصافی ہے، اور تنہائی میں قید رکھنے کی وجہ سے انہیں غیر معمولی ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اپیل میں الزام لگایا گیا ہے کہ ہائی کورٹ میں سزا معطلی کی درخواست کو جان بوجھ کر مؤخر کیا جاتا رہا، حالانکہ ٹرائل کے دوران انہیں ضمانت مل چکی تھی اور ان پر لگائے گئے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیا گیا تھا۔

سزا معطلی پر فیصلہ کرتے ہوئے مقدمے کے بنیادی شواہد کا ابتدائی جائزہ لیے بغیر درخواست مسترد کرنا غلط تھا۔ نیب نے بار بار عدالت سے التوا لے کر کارروائی کو طول دیا، اور استغاثہ کے اس طرز عمل نے انصاف کی فراہمی میں شدید تاخیر پیدا کی۔

درخواست میں گرفتاری کے طریقے کو غیر قانونی اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ پہلے بھی غیر قانونی گرفتاری پر اعلیٰ عدالت نے رہائی کا حکم دیا تھا، کیونکہ احتساب کے نام پر سیاسی بنیادوں پر کارروائی کی جا رہی ہے اور منصفانہ سماعت کے اصولوں سے انحراف کیا گیا۔

اپیل میں یہ قانونی نکتہ بھی اٹھایا گیا ہے کہ نیب قانون میں حالیہ ترمیم کے بعد حتمی اپیل سننے کا اختیار آئینی عدالت کو دیا گیا ہے، مگر ضمانت یا سزا معطلی کے معاملے میں آئینی عدالت جانے کا کوئی ذکر موجود نہیں ہے، اس لیے ان حالات میں یہ اپیل سپریم کورٹ میں ہی قابل سماعت ہے۔

عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ہائی کورٹ کا حکم کالعدم قرار دے کر سزا معطل کی جائے اور بانی پی ٹی آئی و بشریٰ بی بی کی رہائی کے احکامات جاری کیے جائیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔