جماعت اسلامی کا 10 جولائی کو ملک بھر میں دھرنوں اور احتجاج کا اعلان

حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرول اور ایل پی جی کی قیمتوں پر بھاری ٹیکسز اور لیوی کے نام پر وصولی کو بھتہ خوری قرار دیتے ہوئے حکومت کے خلاف 10 جولائی کو ملک بھر میں دھرنوں اور احتجاج کا اعلان کردیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور پیٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں صرف 1 روپے 97 پیسے کی معمولی کمی کا اعلان کر کے عوام کے ساتھ مذاق کیا ہے، جبکہ پیٹرول کی اصل قیمت 225 روپے سے بھی کم ہونی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم کی چھوٹے اور درمیانی درجے کی صنعتوں کو قرضوں کی فراہمی آسان بنانے کی ہدایت
انہوں نے انکشاف کیا کہ اس وقت پیٹرول پر فی لیٹر 118 روپے سے زیادہ کا ظالمانہ ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے، جس میں صرف پیٹرولیم لیوی ہی تقریباً 70 روپے سے زیادہ ہے اور اس لیوی کے ذریعے حکومت اب تک عوام کی جیبوں سے ساڑھے 8 ہزار ارب روپے جمع کر چکی ہے۔
انہوں نے اسے قانونی بھتہ خوری قرار دیتے ہوئے فوری ختم کرنے اور ایل پی جی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا مطالبہ کیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے نوجوانوں اور عوام کو پکارتے ہوئے کہا کہ صرف باتوں سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ اب سڑکوں پر آ کر احتجاج کرنے کا وقت آ گیا ہے۔
انہوں نے جماعت اسلامی کی جانب سے 10 جولائی کو ملک بھر میں بھرپور احتجاج اور دھرنے دینے کا اعلان کیا اور نوجوانوں کو اس آوازِ حق میں شامل ہونے کی دعوت دی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









