منگل، 7-جولائی،2026
منگل 1448/01/22هـ (07-07-2026م)

ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی، پناہ گزینوں کو آبائی ملک کے بجائے افریقی جیلوں میں بھیجا جانے لگا

07 جولائی, 2026 10:29

ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے افریقی ممالک پر ویزا پابندیوں کی دھمکیاں اور خطیر رقم دے کر تیسرے ممالک کے تارکینِ وطن کو وہاں زبردستی بھیجنے کا انکشاف ہوا ہے، جس نے عالمی قوانین کو داؤ پر لگا دیا۔

امریکہ کی جانب سے تارکینِ وطن کو ان کے آبائی وطن کے بجائے افریقی ممالک میں زبردستی منتقل کرنے کا ایک بڑا اور منظم نیٹ ورک سامنے آیا ہے، جہاں واشنگٹن انتظامیہ نقد رقم اور ویزا پابندیوں کے دباؤ کو بطور ہتھیار استعمال کر رہی ہے۔

اس پالیسی کے تحت دنیا کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے تارکینِ وطن کو افریقہ بھیجا جا رہا ہے۔ کمبوڈیا سے تعلق رکھنے والے 43 سالہ فیپ روم کو افریقی ملک ایسواتینی کی ایک ہائی سکیورٹی جیل میں بند کر دیا گیا، جن کا کہنا ہے کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ کمبوڈین ہونے کے باوجود انہیں افریقہ کیوں بھیجا گیا۔

اسی طرح کئی پناہ گزینوں کو جمہوریہ کانگو، یوگنڈا اور جنگ زدہ جنوبی سوڈان بھیجا گیا ہے، جہاں منتقل کیے جانے کے بعد کئی افراد لاپتہ ہو چکے ہیں اور ان کا کوئی سراغ نہیں مل رہا۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کو ایک منٹ میں تباہ کرسکتے ہیں، وہاں رجیم چینج نہیں ڈیل ترجیح ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

سابق امریکی عہدیداروں کے مطابق یہ پوری منصوبہ بندی ڈونلڈ ٹرمپ کے امیگریشن مشیر اسٹیفن ملر اور ہوم لینڈ سکیورٹی کونسل کی سوچ کا نتیجہ ہے، جس کا مقصد امریکی سرحدوں کو محفوظ بنانا ہے۔

اس پالیسی کے تحت امریکہ نے افریقی ممالک کو مجبور کرنے کے لیے ویزا بلیک میلنگ کا سہارا لیا ہے۔ برکینا فاسو اور نائجیریا جیسے ممالک پر پناہ گزینوں کو قبول نہ کرنے پر ویزا پابندیاں لگائی گئیں، جبکہ گھانا جیسے ملک نے جب تارکینِ وطن کو قبول کیا تو اس پر عائد پابندیاں اور 15 فیصد تجارتی ٹیرف ختم کر دیا گیا۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق، ایسواتینی نے 51 لاکھ ڈالر کے عوض 160 ملک بدر افراد کو رکھنے کا معاہدہ کیا جبکہ روانڈا نے 75 لاکھ ڈالر کے بدلے 250 افراد کو قبول کیا۔

وکلاء نے اس عمل کو سرکاری سطح پر ہونے والی جدید دور کی انسانی اسمگلنگ قرار دیا ہے کیونکہ تارکینِ وطن کو رات کی تاریکی میں، ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگا کر اور بنا بتائے فلائٹس پر سوار کر دیا جاتا ہے۔

ان افراد کو ایک ایسے قانونی خلا میں دھکیل دیا گیا ہے، جہاں وہ بنا کسی جرم یا مقدمے کے قید ہیں، اور عالمی قانون کے تحت یہ ایک غیر قانونی عمل ہے، جسے چین ریفولمنٹ کہا جاتا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔