ایرانی وزیر خارجہ اور امریکی خصوصی ایلچی کی براہ راست بات چیت بھی ہوئی : رپورٹس

ذرائع کے مطابق امریکی خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان براہ راست رابطہ بھی ہوا، جبکہ عمانی وزیر خارجہ نے بالواسطہ مذاکرات میں ثالثی کا کردار ادا کیا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ امریکی خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان جنیوا میں براہ راست بات چیت بھی ہوئی۔
ایکسیوس کی رپورٹ کے مطابق مذاکرات کا تیسرا دور دو مختلف انداز میں منعقد ہوا۔ ایک مرحلہ بالواسطہ تھا، جس میں عمان کے وزیر خارجہ بدر بن حمد البوسعیدی دونوں فریقین کے درمیان پیغامات پہنچا رہے تھے، جبکہ دوسرا مرحلہ امریکی اور ایرانی مذاکرات کاروں کے درمیان براہ راست ہوا۔
تاہم ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نے دعویٰ کیا کہ عباس عراقچی اور سٹیو وٹکوف کی ملاقات سفارتی آداب کے دائرے میں محدود رہی اور یہ صرف مصافحہ تک محدود تھی۔
اسی دوران ایک اور باخبر ذریعے نے ایکسیوس کو بتایا کہ وائٹ ہاؤس کے ایلچی سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر نے جنیوا میں صبح کے مذاکراتی سیشن کے دوران ایرانی مؤقف سننے کے بعد مایوسی کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کی پاکستان اور افغانستان کے درمیان رابطے میں سہولت کاری کی پیش کش
اس پیش رفت کے تناظر میں ایک ایرانی عہدیدار نے کہا کہ تہران کی تجویز ایک جامع معاہدے کی بنیاد فراہم کر سکتی ہے، بشرطیکہ امریکہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔ ان کے مطابق ایرانی تجویز میں پابندیوں کے خاتمے، اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری سے متعلق نکات شامل ہیں۔
ایک اعلیٰ سطح کے ایرانی عہدیدار نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ اگر واشنگٹن جوہری اور غیر جوہری معاملات کو ایک دوسرے سے الگ کر دے تو دونوں ممالک جوہری معاہدے کے ایک فریم ورک تک پہنچ سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جنیوا میں ہونے والے تیسرے دور کے دوران باقی ماندہ اختلافات کو کم کرنے کی کوشش کی گئی اور مذاکرات شدید اور سنجیدہ نوعیت کے تھے۔
عہدیدار کے مطابق کچھ نئے خیالات زیر غور آئے ہیں جن پر تہران میں مزید مشاورت کی ضرورت ہے، تاہم اب بھی چند اہم نکات پر خلا موجود ہے جسے پُر کرنا باقی ہے۔ اس تمام پیش رفت کے باوجود حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے مزید تکنیکی اور سیاسی سطح پر مشاورت ناگزیر قرار دی جا رہی ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












